بدھ, مارچ 11, 2026
اشتہار

تعلیم کی خاطر ہالی وڈ کی فلموں سے کنارہ کش ہوجانے والے چائلڈ اسٹارز

اشتہار

حیرت انگیز

فلمی دنیا کی چکاچوند سے اس وقت منہ موڑ لینا جب بطور اداکار شہرت ہی نہیں مل چکی ہو، بلکہ مستقبل بھی روشن نظر آرہا ہو، آسان نہیں‌ ہوتا، مگر ہم جن چائلڈ ایکٹروں کا تذکرہ کررہے ہیں انھوں نے اپنی تعلیم پر توجہ دینے اور دل چسپی کے شعبے میں قدم رکھنے کی خاطر فلمی دنیا سے کنارہ کشی اختیار کر لی تھی۔

یہ وہ چائلد اسٹار ہیں جن کی فلمیں کام یاب بھی رہیں اور بطور اداکار ان کی شہرت کا سفر بھی شروع ہوگیا تھا مگر زیادہ تر نے پہلی فلم کے بعد ہی مزید فلموں کی آفرز ہونے کے باوجود کام کرنے سے انکار کردیا اور نوعمری میں ہی اپنا راستہ بدل لیا۔

پیٹر اوسٹرم
پیٹر اوسٹرم (Peter Ostrum) 12 سال کا تھا جب اسے امریکی فلم Willy Wonka & the Chocolate Factory میں مرکزی کردار نبھانے کا موقع ملا۔ یہ فلم ایک ناول پر مبنی تھی جس میں ایک غریب لڑکا اپنی ایمان داری اور سچائی کی وجہ سے خود کو چند خوش نصیبوں میں شامل پاتا ہے۔ اس لڑکے کا نام چارلی بکٹ ہوتا ہے یہ کردار پیٹر اوسٹرم نے نبھایا تھا۔ یہ فلم آسکر اور گولڈن گلوب ایوارڈ کے لیے نام زد کی گئی تھی۔ یہ پُراسرار اور جادوئی قسم کے واقعات پر مبنی فلم تھی جس میں ایک چاکلیٹ خریدنے پر چارلی بکٹ کو انعامی ٹکٹ ملتا ہے اور اس کی بدولت اسے اور مزید چار بچّوں کو یہ موقع دیا جاتا ہے کہ وہ اس چاکلیٹ فیکٹری کی سیر کو آئیں اور وہاں ان کا گویا دل چسپ امتحان لیا جاتا ہے جس میں چارلی بکٹ کام یاب ہوجاتا ہے۔ 1971ء میں ریلیز ہونے والی اس فلم سے شہرت پانے والا پیٹر دوبارہ اسکرین پر دکھائی نہیں دیا۔ چائلڈ ایکٹر کو مزید تین فلموں کی آفر ہوئی تھی، لیکن اس نے مزید فلمیں قبول نہیں کیں۔ کئی برس بعد جب نوجوان پیٹر نے منگنی کی تو ابتداً اپنی منگیتر کو بھی اپنی اکلوتی فلم اور اپنے کیریکٹر سے لاعلم رکھا۔ پیٹر اوسٹرم کے والد پیشے کے اعتبار سے وکیل تھے اور انھوں نے بھی اپنے بیٹے کو ہالی وڈ کی چکا چوند سے دور رکھتے ہوئے اسے اپنی تعلیم پر توجہ دینے کی تلقین کی تھی۔ پیٹر بعد میں‌ ویٹرنری ڈاکٹر بنا اور اسی سے منسلک رہا۔ اس فلم میں پیٹر کے ساتھ جن دوسرے بچّوں نے فلم میں کردار نبھائے تھے، انھوں نے بھی اداکاری کو بطور کیریئر آگے نہیں بڑھایا۔

افشاں آزاد
افشاں آزاد نے مشہورِ زمانہ فلم ہیری پوٹر میں پدما پاٹل کا کردار ادا کیا تھا۔ ان کی عمر 17 سال تھی جب وہ اس سیریز کی فلم دی گوبلٹ آف فائر میں نظر آئی تھیں، تاہم 2011 کے بعد وہ اسکرین سے دور چلی گئیں۔ اس بارے میں افشاں آزاد نے ایک انٹریو میں بتایا تھا کہ “پوٹر کے بعد، میں نے لندن میں چند سال کے دوران آڈیشن دیے اور چھوٹی چھوٹی چیزیں کیں، لیکن پھر میرا خاندان میری ترجیح بن گیا اور ہمیں مانچسٹر منتقل ہونا پڑا جہاں میں نے اپنی تعلیم پر توجہ دی۔” افشاں آزاد کا کہنا تھا کہ فلم کے لیے بہت وقت دینا پڑتا تھا اور اپنے خاندان اور دوستوں سے دور رہنا انھیں برا لگتا تھا۔ افشاں کے مطابق وہ اداکاری اور فلمی پردے کو اپنے لیے ابھی موزوں خیال نہیں کرتیں اور زندگی کے دوسرے شعبوں کا تجربہ کرنا چاہتی ہیں جو انھیں اداکاری سے زیادہ دلچسپ لگتے ہیں۔

کری گوفے
کری گوفے کی عمر محض تین برس تھی جب اس نے فلم کلوز انکاؤنٹرز آف دی تھرڈ کائنڈ میں بیری گوئلر کا کردار ادا کیا۔ اتنے چھوٹے بچّے سے کام لینا آسان نہیں تھا اور فلم کے ہدایت کار اسٹیون اسپیلبرگ کو اسے سکھانے اور سمجھانے کے لیے بہت محنت کرنا پڑی تھی۔ انھوں نے کوشش کی تھی کہ بچّے کو سیٹ پر کسی قسم کا دباؤ محسوس نہ ہو اور وہ کیمرے کے ساتھ ساتھی اداکاروں سے مانوس ہوجائے اور خوشی خوشی اپنا کردار ادا کرے۔ یہ بچّہ اس کے بعد مزید دو فلموں میں نظر آیا اور پھر 80 کی دہائی میں اس نے 11 سال کی عمر میں آخری مرتبہ مقامی فلم میں کام کیا۔ بعد میں اس نے اپنی تعلیم پر توجہ دی اور مالیاتی امور سے متعلق ڈگری حاصل کرکے ایک ادارے سے بحیثیت فنانشل ایڈوائزر منسلک ہوگیا۔ کری نے 2018 میں NBC سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اس کی والدہ ٹیچر تھیں اور وہ بڑا ہوا تو اپنی تعلیم پر مکمل توجہ دینے کا فیصلہ کیا اور سچ یہ ہے کہ وہ کبھی بھی اداکاری کو بطور کیریئر اپنانے کا ارادہ نہیں رکھتا تھا۔

اسکندر کینز
اسكندر كينز نے انوکھی اور عجیب و غریب دنیا میں لے جانے والی فلم سیریز کرونیکل آف نارینا میں ایڈمنڈ پیونسی کا کردار نبھا کر شہرت حاصل کی تھی لیکن کمپنی کے ساتھ معاہدہ تمام ہونے کے بعد اس نے فلم انڈسٹری سے دوری اختیار کر لی۔ اس کی والدہ کا تعلق لبنان سے جب کہ والد برطانوی مصنّف تھے۔ اسکندر نے 2010ء میں لسانیات اور تاریخ کی تعلیم حاصل کرنا شروع کی اور عربی، فارسی سیکھنے کے ساتھ مشرقِ وسطیٰ کی تاریخ کو اپنی توجہ کا محور بنا لیا۔ وہ ہمیشہ سے اس مضمون میں دل چسپی رکھتا تھا۔ اس نے اپنے انٹرویوز میں کہا کہ فلمی مصروفیات اور تعلیم کے درمیان توازن قائم رکھنا میرے لیے مشکل تھا جب کہ میں ذاتی طور پر تاریخ کو سمجھنے میں زیادہ کشش محسوس کرتا تھا۔ اسکندر کینز نے جامعہ سے فارغ التحصیل ہونے کے بعد اقوام متحدہ میں کام کیا اور ہاؤس آف کامنز میں پارلیمانی مشیر کے طور پر بھی خدمات انجام دیں۔ اب وہ ایک سیاسی مشیر ہیں۔

گیری وارین
گیری وارین 1972ء میں فلم الیگزینڈر دی گریٹسٹ کی ریلیز کے بعد اداکاری چھوڑنے کا فیصلہ کیا۔ فلم دی ریلوے چلڈرن میں اس پیٹر واٹربری کا کردار ادا کیا تھا اور اس وقت وہ 16 سال کا تھا۔ فلمی دنیا کو اس کے بعد خیرباد کہنے کی وجہ یہ تھی کہ وہ نوعمری سے نوجوانی کی دہلیز پر قدم رکھتے ہوئے یہ سمجھ رہا تھا کہ اس نے کچھ خاص کام نہیں کیا اور فلم سے وابستگی کے ساتھ وہ پیشہ ورانہ لحاظ سے کوئی سفر شروع نہیں کرسکے گا۔

سین فرائے
سین فرائے نے 1974ء میں اداکاری کا آغاز کیا تھا اور چند چھوٹے موٹے کرداروں کو ادا کرنے کے بعد 1988 میں وہ فلم For Keeps میں آخری مرتبہ اسکرین پر نظر آیا تھا۔ اس اداکار نے نوعمری میں فلمی دنیا کی چکاچوند سے کنارہ کرلیا تھا کیوں وہ بطور کیریئر سوشل ورک کے شعبے کو اپنانا چاہتا تھا۔

+ posts

اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں