اسلام آباد: نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے بچوں سے متعلق غیراخلاقی مواد پھیلانے والا عالمی نیٹ ورک بےنقاب کردیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق غیراخلاقی مواد پھیلانے والا نیٹ ورک آسٹریلوی پولیس، انٹرپول اور دیگرعالمی اداروں کے تعاون سے بےنقاب ہوا، بین الاقوامی آپریشنز "روڈز” اور "آئسبرگ” میں اہم کامیابی حاصل ہوئی ہے۔
واٹس ایپ، ٹیلیگرام پر غیراخلاقی مواد پھیلانے والے گروپس کی شناخت ہوئی”رینبو“ اور ”مایلووڈولی کون“ نامی گروپس سرگرم تھے، ملزمان سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر غیراخلاقی مواد پھیلارہے تھے۔
لاہور کے علاقے اچھرہ سے تعلق رکھنے والے مرکزی ملزم عاصم محمد قاسم کو گرفتار کرلیا گیا، ملزم کے قبضے سے موبائل ڈیٹا، سوشل میڈیا شواہد اور ہارڈ ڈرائیوز برآمد ہوئی ہیں، اس کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
نابالغ بچیوں کے استحصال سے متعلق ویڈیوز اور تصاویر برآمد کی گئی ہیں، ملزم غیرقانونی مواد کی تیاری اور ترسیل میں ملوث رہا ہے۔
انٹرپول اور دیگرعالمی رپورٹس میں ملزم کے برازیل اور پرتگال سے روابط بھی سامنے آئے ہیں، این سی سی آئی اے نے مزید شواہد اکٹھے کرنے کا عمل شروع کردیا ہے۔


