بیجنگ(5 جنوری 2026): چین کے وزیر خارجہ وانگ یی نے وینزویلا میں امریکی فوجی آپریشن پر سخت تنقید کی ہے۔
ترجمان چینی وزارت خارجہ کے مطابق صدر نکولس مادورو اور ان کی اہلیہ کو زبردستی حراست میں لے کر ملک سے باہر منتقل کرنے پر شدید تشویش ہے۔
چین کا کہنا ہے کہ امریکا خود کو دنیا کا جج اور عالمی پولیس سمجھنے لگا، جو عالمی قوانین کے منافی ہے، کسی ملک کو اختیار نہیں کہ دوسرے ممالک کے معاملات میں مداخلت کرے، تمام ممالک کی خود مختاری اور سلامتی کو عالمی قانون کے تحت تحفظ ہونا چاہیے۔
چینی وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ عالمی نظام کی بنیاد اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قوانین پر ہے، اصولوں سے ہٹ کر کی جانے والی کوئی بھی کارروائی دنیا میں عدم استحکام پیدا کریگی۔
چینی وزیرخارجہ نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ چین ہمیشہ سے عدم مداخلت، سیاسی حل اور سفارتکاری کے اصول پر قائم ہے، عالمی تنازعات کے حل کے لیے طاقت کے بجائے مکالمے کو ترجیح دینی چاہیے۔
وینزویلا کے صدر اور اہلیہ کیخلاف امریکی چارج شیٹ سامنے آگئی، عمر قید کا امکان
دوسری جانب فرانس نے وینزویلا میں امریکی کارروائی پر افسوس کا اظہار کردیا، وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا امریکی فوجی آپریشن میں بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی پر تشویش ہے۔
انہوں نے بتایا کہ صدر نکولس مادورو نے عوامی مقبولیت کھو دی تھی، لیکن ان کی گرفتاری پر فرانس خوش ہے اور نہ ہی اسے قبول کرتا ہے، صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں، طاقت کے زور پر فیصلے کرنا درست نہیں۔


