اسلام آباد : وفاقی وزیر خارجہ خواجہ آصف نے کہا ہے کہ چین اور مصر سے دیرینہ تعلقات ہیں جس کو مزید مضبوط اور مستحکم بنانے کے لیے موجودہ حکومت اپنی تمام تر توانیاں صرف کررہی ہے.
ان کا خیالات کا اظہار انہوں نے چین اور مصر کے سفراء کے ساتھ اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات میں کیا جہاں چینی سفیر سے الوداعی ملاقات کی جب کہ ایک علیحدہ ملاقات میں مصر کے سفیر نے خیر سگالی کا پیغام پہنچایا.
وزیرخارجہ نے چین کےسفیرسن وی ڈونگ سے الوداعی ملاقات میں ان کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ چینی سفیر نے دو طرفہ تعاون میں اضافے کے لیے موثر خدمات انجام دیں
وفاقی وزیر خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان چین سےتعلقات کوخصوصی اہمیت دیتا ہے اور پاکستان کی خارجہ پالیسی میں چین کو مرکزی حیثیت حاصل ہے اور امید ہے کہ پاک، چین تعلقات مستقبل میں مزید مضبوط ہوں گے.
اس موقع پر چینی سفیر کا کہان تھا کہ وزارت خارجہ اور حکومت پاکستان کے تعاون پرشکرگزارہوں اور پاکستان میں قیام کے دوران بے انتہا محبت ملی ہے جہاں سے حسین یادیں لے کر جا رہا ہوں اور مستقبل میں بھی پاک چین تعلقات کو بڑھانے کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہوں گا.
دوسری جانب وفاقی وزیرخارجہ محمد آصف سے مصر کے سفیرشریف محمد کمال الدین شاہین نے بھی ملاقات کی اور مصر حکومت کی جانب سے جذبہ خیر سگالی کا پیغام پہنچایا دوران ملاقات دو طرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور بھی زیر بحث آئے.
وفاقی وزیر خارجہ محمد آصف نے کہا کہ مصرسے اسلامی بھائی چارے کا لازوال رشتہ قائم ہے تاہم دو طرفہ سطح پرتجارت اور معیشت سمیت تمام شعبوں میں تعاون بڑھانا ہوگا.