لاہور: چین کے قونصل جنرل یوبورن نے وزیراعلٰی پنجاب سے ملاقات میں کہا ہے کہ چین مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے پاکستانی موقف کی حمایت کرتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق آج لاہورمیں چین کے قونصل جنرل اور وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے درمیان ایک اہم ملاقات ہوئی ہے ملاقات میں دو طرفہ دلچسپی کے معاملات اور سی پیک کوریڈور پر تبادلہ خیال کیا گیا
ملاقات کے دوران چینی قونصل جنرل یوبورن کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیرپر چین پاکستان کے موقف کی حمایت کرتا ہے چین کل بھی پاکستان کے ساتھ تھا اورآج بھی ساتھ کھڑا ہے اور آئندہ بھی پاکستان کی حمایت کرتا رہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیری عوام پر ظلم و ستم کا کوئی جواز نہیں اس لیے کشمیر کا مسئلہ کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل ہونا چاہیئے جیسا کہ اقوام متحدہ کی قرارداد میں بھی کہا گیا ہے۔
چین کے قونصل جنرل نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کسی بھی جارحیت کی صورت میں پاکستان کا ساتھ دیں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے چینی قونصل جنرل کے جذبات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں چین کا بے مثال ساتھ قابل تعریف ہے،چین نے ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کا ساتھ دے کر ایک اچھے دوست ہونے کا ثبوت دیا ہے
وزیر اعلیٰ پنجاب نے پاک چین اقتصادی راہداری کے منصوبوں کی بروقت تکمیل کو ہرقیمت پریقینی دہانی کراتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ پاک چین دوستی کی عظیم مثال بنے گا جو دونوں ممالک کے معاشی ترقی کا باعث بنے گا۔