چین نے بڑھتے کورونا کیسز کے پیش نظر سرمائی اولمپکس 2022 کے لیے عوام کو ٹکٹیں فروخت کرنے کا فیصلہ تبدیل کر دیا۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق چین نے پیر کو بیجنگ میں ہونے والے سرمائی اولمپکس کے لیے عوام کو ٹکٹ فروخت کرنے کے منصوبے کو منسوخ کر دیا ہے۔
چین میں کوویڈ 19 کے کیسز کی تعداد مارچ 2020 کے بعد سب سے زیادہ ہو گئی ہے اور چند روز قبل کورونا اولمپکس کے شہر بیجنگ تک پہنچ گیا تھا۔
منتظمین نے کہا کہ پچھلے سال گیمز میں کسی بین الاقوامی تماشائی کو قرنطینہ کی پابندیوں کے سبب داخلے کی اجازت نہیں دی تھی تاہم یہ وعدہ کیا تھا کہ مقامی تماشائیوں کو اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت دیں گے۔
سرمائی اولمپکس کے آغاز سے صرف تین ہفتے قبل 223 نئے کورونا کیسز سامنے آنے پر تماشائیوں کو ٹکٹوں کی فروخت کا منصوبہ منسوخ کر دیا گیا ہے۔
بیجنگ اولمپک کے منتظمین کا کہنا ہے کہ اولمپکس سے متعلقہ عملے اور تماشائیوں کی صحت اور حفاظت کی خاطر عوام کو ٹکٹ فروخت کرنے کے اصل منصوبے کو ایڈجسٹ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اس سلسلے میں تماشائیوں کو مخصوص جگہ پر گیمز دیکھنے کا بندوبست کیا جائے گا۔
یہ واضح نہیں ہے کہ ان تماشائیوں کا انتخاب کیسے کیا جائے گا اور آیا انہیں گیمز سے پہلے یا بعد میں قرنطینہ میں رکھنا پڑے گا۔