واشنگٹن : چین نے امریکی انتخابات میں مداخلت سے متعلق صدر ٹرمپ کے دعوؤں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ نہ کبھی مداخلت کی ہے، نہ کبھی کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق چین نے امریکی انتخابات میں مبینہ مداخلت اور امریکی ووٹرز کا ڈیٹا چوری کرنے سے متعلق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دعوؤں اور الزامات کو سختی سے مسترد کر دیا۔
واشنگٹن میں چینی سفارت خانے نے صدر ٹرمپ کے خطاب سے قبل ہی ایک ہنگامی اور واضح بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ چین دوسرے ممالک کے اندرونی معاملات میں عدم مداخلت کے اصولی مؤقف پر سختی سے قائم ہے۔
چینی سفارت خانے کے ترجمان لیو چانگ نے اپنے بیان میں واضح کیا:”امریکی صدارتی انتخابات مکمل طور پر امریکا کا داخلی معاملہ ہے جس کا فیصلہ صرف اور صرف امریکی ووٹرز کرتے ہیں۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ چین نے امریکی انتخابات میں نہ کبھی کوئی مداخلت کی ہے اور نہ ہی کبھی مستقبل میں ایسا کرے گا۔”
یاد رہے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے ایک خطاب میں دعویٰ کیا تھا کہ چین نے 2020 کے صدارتی انتخابات کے دوران تقریباً 22 کروڑ امریکی ووٹرز کا ڈیٹا غیر قانونی طور پر حاصل کیا، جسے انہوں نے تاریخ کی "سب سے بڑی ڈیٹا چوری” قرار دیا۔
ٹرمپ نے امریکی انٹیلی جنس اداروں کے خفیہ دستاویزات کو ڈی کلاسیفائی کرتے ہوئے الزام لگایا کہ ان کے خلاف چینی مداخلت کے حقائق کو چھپایا گیا تھا۔


