جمعہ, مارچ 21, 2025
اشتہار

چینی قونصل خانہ بند کرنے پر چین کا امریکا کو برابر کا جواب

اشتہار

حیرت انگیز

بیجنگ: چین اور امریکا کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہو گیا ہے، ہیوسٹن میں امریکا کے چینی قونصل خانہ بند کرنے کے حکم پر چین کا ردِ عمل بھی آ گیا، چین نے شہر چینگ ڈو میں امریکی قونصل خانہ بند کرنے کاحکم دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق چین نے شہر چینگ ڈو میں امریکی قونصلیٹ کا لائسنس منسوخ کر دیا ہے، غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ چینگ ڈو میں امریکی قونصل خانہ 1985 میں بنایا گیا تھا جہاں 200 لوگ کام کرتے ہیں، اس سے 2 دن قبل امریکا نے ریاست ٹیکساس کے شہر ہیوسٹن میں چینی قونصل خانہ بند کرنے کا حکم دیا تھا۔

ایک دوسرے کے قونصل خانے بند کرنے کے احکامات کے بعد دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کا سلسلہ بڑھ گیا ہے، ادھر چینی وزارت خارجہ نے امریکی اقدام کو نامناسب قرار دیا ہے، کہا گیا ہے کہ چینی اقدام امریکا کے غیر مناسب اقدام کا مناسب جواب ہے۔

وزارتِ خارجہ چین کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکا اور چین کے درمیان جو صورت حال ہے چین ایسا کبھی نہیں چاہتا تھا، دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی موجودہ صورت حال کا ذمہ دار سراسر امریکا ہے۔

چینگ ڈو میں امریکی قونصل خانہ

چینی وزارت خارجہ نے یہ مطالبہ بھی کر دیا ہے کہ صورت حال کی بہتری کے لیے امریکا اپنا غلط فیصلہ فوری طور پر واپس لے۔

یاد رہے کہ امریکا نے 21 جولائی کو ہیوسٹن شہر میں واقع چینی قونصل خانہ بند کرنے کا حکم دیا تھا۔ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں سرد مہری کرونا وبا کی وجہ سے بڑھی ہے، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اس سلسلے میں تسلسل کے ساتھ چین کو تنقید کا نشانہ بناتے رہے ہیں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں