The news is by your side.

Advertisement

پاکستان کا ساتھ دیں گے، چین کا دوٹوک مؤقف

بیجنگ: وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ چین  نے دوٹوک  انداز میں  پاکستان کا ساتھ دینےکااعلان کیا، دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون بڑھ رہا ہے۔

اے آر وائی کے پروگرام باخبر سویرا میں گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے بتایا کہ موجودہ صورتحال میں چین نے دو ٹوک انداز میں پاکستان کا ساتھ دینے کا اعلان کیا۔

اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان اورچین کےدرمیان اقتصادی تعاون بڑھ رہاہے، شراکت داری کا مقصد غربت میں کمی کے چینی تجربےسےسیکھنا ہے۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ دورہ چین بہت کامیاب رہا کیونکہ پہلی مرتبہ سفارتی وفود کی سطح پر اسٹریجیٹک معاملات پر بات چیت اور اتفاق ہوا، اجلاس میں پلوامہ حملے کے بعد کی صورتحال ، بھارتی جارحیت اور افغانستان میں امن کی واپسی سے متعلق بھی گفتگو ہوئی۔

مزید پڑھیں: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی چین کے نائب صدر سے ملاقات

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ’اپریل میں وزیراعظم عمران خان کا دورہ چین شیڈول ہے، اس حوالے سے بھی گفتگو ہوئی جبکہ موجودہ دورے میں چینی وفد کے ساتھ جو بھی بات چیت ہوئی اُس میں تمام سیاسی جماعتوں کی نمائندگی موجود تھی جس پر سب نے اتفاق کیا‘۔ اُن کا مزید کہنا تھا کہ ’پاکستان کی تمام سیاسی جماعتوں نے سی پیک منصوبے کی اہمیت و افادیت کو تسلیم کیا جو سب کے لیے بہت خوش آئند بات ہے‘۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ کرتاپور سمیت دیگر معاملات میں چینی وزیر خارجہ نے پاکستان کا ساتھ دینے کا دو ٹوک اعلان کیا۔ چینی ہم منصب کے ہمراہ آج شاہ محمود قریشی نے مشترکہ پریس کانفرنس بھی کی جس میں دونوں ممالک نے تعلقات کو مزید بہتر بنانے کا اعلان بھی کیا۔

یاد رہے کہ کہ شاہ محمود قریشی وزرائے خارجہ اسٹرٹیجک مذاکرات میں شرکت کے لیے 2 روز قبل چین پہنچے تھے جہاں انہوں نے چینی ہم منصب سمیت دیگر حکام سے ملاقاتیں بھی کیں۔

Comments

comments

یہ بھی پڑھیں