اسلام آباد : چین کے نائب وزیراعظم وانگ یانگ اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمراہ دو روزہ سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے وہ یوم آزادی کی تقریبات میں شرکت کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق چینی نائب وزیراعظم وانگ یانگ اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمراہ پاکستان پہنچ گئے ہیں جہاں وہ پاکستان کے 70 ویں یوم آزادی کے حوالے سے تقریبات میں بھی شرکت کریں گے۔
علاوہ ازیں چین کے نائب وزیراعظم 14 اگست کو مہمان خصوصی کی حیثیت سے یوم آزادی کی پرچم کشائی تقریب میں بھی شریک ہوں گے اس کے علاوہ سی پیک کے حوالے سے منصوبوں کے سنگ بنیاد رکھنے کی تقریبات میں شرکت کریں گے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق چین کے نائب وزیراعظم وانگ یانگ اعلیٰ سطح چینی وفد کے ہمراہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور صدر مملکت ممنون حسین سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے چینی وفد کی آمد پر کہنا تھا کہ پاکستان اپنے دوست ملک کو خوش آمدید کہتا ہے اس دورے کے دوران دونوں ملکوں کے درمیان باہمی تعاون کے معاہدوں پر دستخط بھی کئے جائیں گے
ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا نے کہا کہ چینی نائب وزیراعظم وانگ یانگ چینی صدر کی ہدایات پر پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں۔