جیونگجو (4 نومبر 2025): چینی اور جنوبی کورین صدور کے درمیان موبائل فون تحفے پر باہمی مزاحیہ گفتگو ہوئی دونوں قہقہہ مار کر ہنس پڑے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق چینی صدر شی جن پنگ نے جنوبی کوریا کے شہر جیونگجو میں ایشیا پیسیفک اکنامک کو آپریشن (ایپک) کے اجلاس میں شرکت کی۔ اس موقع پر انہوں نے اپنے کورین ہم منصب لی جائے میونگ کو چینی کمپنی شیاؤمی کے بنائے گئے دو اسمارٹ فون تحفے کے طور پر دیے۔
اس موقع پر دونوں ہم منصب رہنماؤں کے درمیان دلچسپ جملوں کا تبادلہ ہوا جس سے وہ خود اتنے محظوظ ہوئے کہ خود بھی قہقہہ بار ہو گئے۔
شی جن پنگ نے جب لی جائے میونگ کو موبائل فون تحفے میں دیے تو انہوں نے تفریحاً پوچھا کہ ’رابطے کی لائن محفوظ تو ہے نا۔‘ جس پر چینی صدر ہنسی نہ روک پائے اور ساتھ ہی ازراہ مذاق کہا کہ ان کو چیک کر لیں، کہیں اس سے جاسوسی تو نہیں ہوگی۔
چینی صدر کا اشارہ فون میں لگے سافٹ ویئر کی طرف تھا جو تھرڈ پارٹی کو مانیٹرنگ کی اجازت دے سکتا ہے۔ اس پر صدر لی کی ہنسی گونجی اور تالی بجا کر صدر شی کی حس مزاح کی داد بھی دی۔
اس واقعے کے بعد میڈیا نے بھی دلچسپ شہ سرخیاں جمائیں. روزنامہ سیول شنمن نے پیر کے روز لکھا کہ ’شیاؤمی فون کے ذریعے جاسوسی کے مذاق پر صدر شی کی ہنسی چھوٹ گئی۔‘
ان پُر مزاح جملوں کی ویڈیو بھی یوٹیوب پر موجود ہے، جس نے صارفین کی بھرپور توجہ حاصل کی اور اب تک اس پر 800 سے زائد تبصرے ہو چکے ہیں جبکہ بہت سے لوگوں نے جملوں کے اس تبادلے پر حیرت کا اظہار بھی کیا۔
ایک سوشل میڈیا صارف نے لکھا کہ ’ایسا لگ رہا ہے جیسے دو مارشل آرٹس کے استاد مقابلے سے قبل جملے بول رہے ہیں۔‘


