پشاور: چینی انجینئرز کی گاڑی پر حملہ کرنے والے 4 دہشت گرد گرفتار ہو گئے۔
بشام واقعے کی تحقیقات میں پیش رفت ہوئی ہے، سی ٹی ڈی نے خود کش حملے میں ملوث چار دہشت گرد گرفتار کر لیے، چینی انجینئرز کی گاڑی پر خود کش حملہ 26 مارچ کو ہوا تھا۔
گرفتار دہشت گردوں کا تعلق کالعدم ٹی ٹی پی سے ہے، جنھوں نے اعتراف جرم کر لیا ہے، حملے میں ملوث نیٹ ورک کے دیگر دہشت گردوں کی شناخت بھی کر لی گئی۔ سی ٹی ڈی کے مطابق حملے کے پیچھے پورے نیٹ ورک کو بے نقاب کرنے کی کوشش جاری ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ 26 مارچ کو خیبر پختونخوا میں شانگلہ کے علاقے بشام میں گاڑی پر ہونے والے خود کش حملے میں 5 چینی باشندوں سمیت 6 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ بارود سے بھری ایک گاڑی چینی انجینئرز کی گاڑی سے ٹکرائی گئی تھی۔ گاڑی میں سوار چینی انجینئرز اسلام آباد سے داسو کیمپ کوہستان جا رہے تھے۔ دھماکے کے بعد کوسٹر روڈ سے نیچے جا گری تھی۔ سی ٹی ڈی ذرائع کا کہنا ہے کہ حملے کی منصوبہ بندی افغانستان میں ہوئی تھی۔ سی ٹی ڈی اس کیس میں 12 سے زائد مبینہ دہشت گرد اور سہولت کار گرفتار کر چکی ہے۔