اسلام آباد: چینی ایرو اسپیس گروپ نے پاکستان میں 5 سے 10 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری میں دلچسپی ظاہر کردی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کی معاشی پالیسیوں اور ایس آئی ایف سی کی سہولت کاری نے عالمی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کر دیا اور نئی غیر ملکی سرمایہ کاری کے امکانات روشن ہوگئے۔
چینی ایرو اسپیس گروپ نے پاکستان کے مختلف شعبوں میں 5 سے 10 ارب ڈالر کی خطیر سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔
چینی سرمایہ کاروں کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ سے ملاقات کی، جس میں ملک کے معاشی حالات اور سرمایہ کاری کے مواقع پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں ٹیکنالوجی کی منتقلی اور صنعتی تعاون اور پاکستان کے قدرتی وسائل اور مینوفیکچرنگ سیکٹر میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری پر بات چیت ہوئی۔
وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ نے وفد کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ خصوصی اقتصادی زونز (SEZs) میں سرمایہ کاری کرنے والوں کو خصوصی ٹیکس چھوٹ دی جا رہی ہے اور سرمایہ کاری کے عمل کو تیز بنانے کے لیے قانونی اور انتظامی رکاوٹیں دور کی جا رہی ہیں۔
ایس آئی ایف سی کے ون ونڈو آپریشن سے صنعتی ترقی کی رفتار تیز ہو رہی ہے اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔
معاشی ماہرین کا ماننا ہے کہ اگر چینی گروپ کی یہ سرمایہ کاری پایہ تکمیل تک پہنچتی ہے تو اس سے نہ صرف پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر میں بہتری آئے گی بلکہ ملک میں جدید ٹیکنالوجی کی آمد اور روزگار کے ہزاروں نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


