The news is by your side.

Advertisement

چینی انجینیئرز اور پولیس اہلکاروں میں لڑائی ختم، صلح ہوگئی

کبیر والا: صوبہ پنجاب کے شہر کبیر والا میں پاک چین اقتصادی راہداری پر کام کرنے والے چینی انجینیئرز اور پولیس اہلکاروں میں صلح ہوگئی۔ دونوں فریقین چند روز پہلے آپس میں گتھم گتھا ہوگئے تھے۔

تفصیلات کے مطابق کبیر والا میں چند روز قبل چینی انجینیئرز کو بغیر سیکیورٹی باہر جانے پر پولیس اہلکاروں نے روکا تھا جس پر دونوں فریقین کے درمیان جھگڑا ہوگیا تھا اور نوبت ہاتھا پائی تک جا پہنچی تھی۔

ایک چینی انجینیئر نے پولیس اسکواڈ کے انچارج کو کرسی اٹھا کر ماری تھی جبکہ دوسرا چینی باشندہ پولیس موبائل پر چڑھ کر کھڑا ہوگیا تھا۔ چینی ملازمین نے پولیس کیمپ کی بجلی بھی کاٹ دی تھی۔

واقعے کے بعد اسسٹنٹ کمشنر کبیر والا اور ڈی ایس پی نے موقع پر پہنچ کر معاملہ حل کرنے کی کوشش کی تاہم چینی ملازمین نے بات چیت کرنے سے انکار کردیا تھا۔

بعد ازاں واقعے کی انکوائری کمیٹی قائم کی گئی اور انکوائری رپورٹ میں چینی انجینیئرز کو قصور وار ٹہرایا گیا تھا۔

تاہم آج انکوائری اجلاس میں دونوں فریقین کی صلح کروا دی گئی۔ چینی انجینیئرز نے پنجاب پولیس کے نوجوانوں سے معذرت کی۔ اس موقع پر چینی انجینیئرز اور پولیس اہلکاروں نے پاک چین دوستی زندہ باد کے نعرے بھی لگائے۔

چینی انجینیئرز نے پولیس اہلکاروں کو کھانے کی دعوت بھی دی۔


خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

Comments

comments

یہ بھی پڑھیں