جمعرات, فروری 13, 2025
اشتہار

زمین خریدنے پر وڈیرے کا غریب ہاری اور اس کی بیوی پر تشدد، پولیس کا شرمناک کردار

اشتہار

حیرت انگیز

چنیوٹ: پنجاب کے شہر چنیوٹ میں زمین خریدنے پر وڈیرے نے ایک غریب ہاری اور اس کی بیوی کو بدترین تشدد کا نشانہ بنا ڈالا، دوسری طرف مظلوموں کی داد رسی کرنے کی بجائے چنیوٹ پولیس نے شرمناک کردار ادا کیا۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز چنیوٹ کے علاقے متھرومہ میں پانچ کنال زمین خریدنے پر مقامی وڈیرے نے غریب کاشتکار خضر حیات اور ان کی بیوی نورین پر تشدد کیا، جس سے خضر کی ناک ٹوٹی اور خاتون کا بازو ٹوٹ گیا۔

چنیوٹ پولیس نے واقعے پر شرم ناک کردار ادا کرتے ہوئے وڈیرے کے ظلم کے شکار ہاری اور ان کی بیوی کے خلاف ہی جھوٹا مقدمہ درج کر دیا، جس کے لیے وڈیرے نے پولیس کی ملی بھگت سے آسیہ نامی خاتون کا جعلی میڈیکل بھی بنوایا تاکہ غریب کاشتکار کے خلاف مقدمہ درج ہو سکے۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز وڈیرے اور اس کے ساتھیوں کے تشدد سے غریب ہاری کی ناک کی ہڈی اور ان کی بیوی کا بازو ٹوٹ گیا تھا، جب کہ کاشتکار کی بیوی کے بازو ٹوٹنے کا میڈیکل بھی ڈاکٹروں نے درست قرار دے دیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق خضر حیات نے اپنی جمع پونجی سے پانچ کنال کی زمین خریدی تھی، جس پر وہ ہل چلا رہا تھا کہ علاقے کے وڈیرے نے ساتھیوں سمیت ان پر حملہ کر دیا۔

خضر کو بچانے کے لیے ان کی بیوی آئی تو حملہ آوروں نے انھیں تشدد کا نشانہ بنانے سے گریز نہ کیا، جس سے ان کا بازو ٹوٹ گیا، بعد ازاں ریسکیو 1122 کے عملے نے دونوں زخمیوں کو ضلع اسپتال پہنچایا۔

اس واقعے کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے، جس میں کاشت کار میاں بیوی کو زخمی حالت میں دیکھا جا سکتا ہے، ویڈیو میں کاشت کار کی بیوی دہائی بھی دے رہی ہیں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں