رپورٹ: سید نذیر حسین شاہ
چترال کی علاقائی معیشت اور ثقافتی سیاحت کے فروغ کے لیے منعقدہ تیسرا دو روزہ چترال ایکسپو 2026 اپنی تمام تر رنگینیوں کے ساتھ اختتام پذیر ہو گیا۔ ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (ٹڈاپ) کے زیرِ اہتمام اور چترال چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے اشتراک سے منعقدہ اس اہم ایونٹ کا مقصد ہندوکش کے خطے کی معاشی صلاحیتوں، بھرپور ثقافتی ورثے اور کاروباری امکانات کو اجاگر کرنا تھا۔
وادئ چترال اپنے بلند و بالا پہاڑوں، سرسبز وادیوں اور منفرد ثقافت کی وجہ سے دنیا بھر میں مشہور ہے۔ دنیا کی بلند ترین چوٹیوں میں سے ایک اور ہندوکش کی بلند ترین چوٹی ترچ میر چترال کی خوب صورتی کو چار چاند لگاتی ہے، وادئ کیلاش اپنی قدیم اور منفرد ثقافت، روایتی لباس اور تہواروں کی وجہ سے دنیا بھر کے سیاحوں کی توجہ کا مرکز ہے۔
ایکسپو میں مقامی کاروباری افراد، خواتین کے زیرِ انتظام کاروباری اداروں اور نوجوانوں نے اپنے اسٹالز اور پویلین قائم کیے، جہاں خالص شہد، خشک میوہ جات، روایتی اونی ملبوسات، قیمتی پتھروں اور چترال کی منفرد معدنیات کی نمائش کی گئی۔
نمائش کا ایک اہم حصہ مقامی نوجوانوں کے لیے مختص کیا گیا تھا، جہاں انھوں نے اپنی تخلیقی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے مختلف فن پارے پیش کیے، جنھیں شرکا نے بے حد سراہا۔
دنیا بھر میں منفرد شناخت رکھنے والی رنگا رنگ کیلاش ثقافت کو بھی ایکسپو میں نمایاں مقام دیا گیا۔ روایتی کیلاش رقاصوں، دستکاروں اور ثقافتی نمائندوں نے براہِ راست ثقافتی پرفارمنس اور روایتی دست کاریوں کے ذریعے اپنے منفرد ورثے کو اجاگر کیا۔
کیلاش پویلین شرکا کی خصوصی توجہ کا مرکز بنا رہا، جہاں فوٹوگرافروں، ثقافت سے دل چسپی رکھنے والے افراد اور خاندانوں کی بڑی تعداد نے دل چسپی کا اظہار کیا۔
مقررین کا کہنا تھا کہ چترال ایکسپو دور دراز مگر قدرتی وسائل اور کاروباری امکانات سے مالامال اس خطے کو قومی اور بین الاقوامی منڈیوں اور سپلائی چینز سے منسلک کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ انھوں نے مقامی کمیونٹیوں کو اپنی منفرد مصنوعات کی تشہیر اور مارکیٹنگ کے مواقع فراہم کر کے انھیں معاشی طور پر بااختیار بنانے کے لیے TDAP کے عزم کو سراہا اور چترال ایکسپو کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔
مقررین نے کہا چترال تجارت اور صنعت کی ترقی کے لیے وسیع امکانات رکھتا ہے، سرحدی علاقوں میں پائیدار معاشی ترقی اور امن کا آپس میں گہرا تعلق ہے، جب کہ ایسی نمائشوں کے مسلسل انعقاد سے خطے میں طویل المدتی خوش حالی کی راہ ہموار کی جا سکتی ہے۔
انھوں نے چترال میں موجود معدنی وسائل، قیمتی پتھروں، زرعی مصنوعات اور روایتی دستکاریوں کی تجارتی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ مقامی وسائل کے مؤثر استعمال اور نوجوانوں کی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھا کر چترال میں معاشی تبدیلی لائی جا سکتی ہے۔ انھوں نے اس بات پر زور دیا کہ نوجوانوں کو محض ملازمت کے متلاشی بننے کی بہ جائے کاروباری سرگرمیوں کی طرف راغب کیا جائے تاکہ وہ خود روزگار حاصل کرنے کے ساتھ دوسروں کے لیے بھی روزگار کے مواقع پیدا کر سکیں۔
تقریب کے اختتام پر ایکسپو کے منتظمین کی جانب سے مہمانِ خصوصی کو شیلڈ اور روایتی تحائف پیش کیے گئے۔


