چترال: پاکستان کے سب سے پرسکون علاقے اور وادی میں ضلعی حکومت اور انتظامیہ کی جانب سے سالانہ پولو ٹورنامنٹ کا باقاعدہ آغاز ہوگیا جو 13 اپریل تک جاری رہے گا۔
تفصیلات کے مطابق ملکی کپ پولو ٹورنامنٹ 2018کے افتتاح کے موقع پر رنگا رنگ افتتاحی تقریب منعقد کی گئی جس میں اے ڈی سی چترال منہاس الدین، ڈی پی او چترال منصور امان، کمانڈنٹ چترال اسکاؤٹس اور پولو ایسوسی ایشن چترال کے صدر نے شرکت کی۔
اس موقع پر فاتح ٹیم کو دی جانے والی ٹرافی کی بھی رونمائی ہوئی، تقریب میں شرکت کرنے والے کھلاڑیوں اور مہمانوں نے علاقائی موسیقی پر خوب رقص کیا اور میچ دیکھ کر خوب محظوظ ہوئے۔
ضلعی انتظامیہ کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر کمشنر نے پولو کی اہمیت کو بیان کرتے ہوئے کہا کہ ’دوسرے لوگوں کو دوسرے کھلیوں میں مصروف رہنے دیں، بادشاہوں کا کھیل آج بھی کھیلوں کا بادشاہ ہے‘۔ عوام کی بڑی تعداد نے افتتاحی تقریب کے بعد پہلے روز مختلف ٹیموں کے مابین ہونے والے 6 مقابلے دیکھے اور کھلاڑیوں کو خوب داد دی۔
واضح رہے کہ ڈپٹی کمشنر چترال ارشاد سودھر نے علاقائی ثقافت اور تہواروں کی حفاظت کے لیے یہ فیصلہ کیا کہ ’ملکی کپ پولو ٹورنامنٹ‘ کو اُس کی اصل حالت میں بحال کیا جائے جو 1968 سے ممکن نہیں کیا جارہا تھا۔
قبل ازیں چترال کی ضلعی انتظامیہ جشن چترال 2018 کو بھرپور انداز سے منانے کی تیاریاں شروع کی تھیں، فیسٹیول میں فری اسٹائل پولو، دوسرے علاقائی کھیلوں کے علاوہ کشتی، رسہ کشی، نیزہ بازی، تیراندازی، پمپوق بازی، چھت چھتو اولیک، آنتو دیک (پہاڑوں پر دوڑ) کے خصوصی مقابلے منعقد کیے جائیں گے۔
علاوہ ازیں جشن چترال فیسٹیول میں میوزیکل شو، علاقائی رقص، جیسے پستوک، کلاشی ڈانس، بروزی ڈانس کے علاوہ لوک موسیقی کو بھی شامل کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ سن 1928 میں کپٹن کاب ریاست چترال کے پولٹیکل ایجنٹ مقرر ہوئے اور انہوں نے فری اسٹائل پولو کے علاوہ علاقائی کھیلوں کے مقابلے منظم انداز سے منعقد کرواتے ہوئے ان کی ترویج و ترقی میں اہم کردار ادا کیا۔