ہفتہ, جولائی 18, 2026
اشتہار

امریکی سینیٹر کرس ہولن کی پاکستان کے ثالثی کردار کی تعریف، ایران جنگ کو غیر قانونی قرار دے دیا

اشتہار

حیرت انگیز

واشنگٹن (11 جون 2026): امریکی ڈیموکریٹ سینیٹر کرس وان ہولن نے پاکستان کے اس کردار کی تعریف کی ہے جس کے تحت وہ امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی کم کرنے اور مذاکرات کو آگے بڑھانے میں سہولت کاری کی کوشش کر رہا ہے۔

پاکستانی کارڈیالوجسٹ ڈاکٹر مبشر چوہدری کی جانب سے منعقدہ ایک فنڈ ریزنگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر نے کہا کہ وہ پاکستان کی ان کوششوں کو خوش آئند سمجھتے ہیں جو فریقین کو قریب لانے اور مشرق وسطیٰ میں مزید کشیدگی کو روکنے کے لیے کی جا رہی ہیں۔

کراچی میں 1959 میں پیدا ہونے والے امریکی سینیٹر کرس ہولن نے جنگ کے آغاز پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ تنازع امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کی جانب سے شروع ہونا ہی نہیں چاہیے تھا۔ وان ہولن نے کہا کہ جنگ کے ابتدائی دنوں میں نیتن یاہو کا یہ بیان ریکارڈ پر ہے کہ وہ 40 سال سے ایران کے ساتھ جنگ کا انتظار کر رہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ ’’دیگر امریکی صدور نے اس سے انکار کیا، لیکن ڈونلڈ ٹرمپ پہلے صدر تھے جو اس جنگ میں شامل ہونے پر آمادہ ہوئے۔‘‘

انھوں نے مزید کہا کہ امریکا ایک ایسے تنازع میں داخل ہوا جس سے گریز ممکن تھا اور سفارتی راستوں کو نظر انداز کیا گیا۔ سینیٹر کے مطابق ایران کے خلاف فوجی کارروائی بین الاقوامی قانون کے تحت بھی جائز نہیں تھی، کیوں کہ کسی جنگ کے آغاز کے لیے فوری اور واضح خطرے کا ہونا ضروری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران کی جانب سے امریکا یا خطے کے لیے کسی فوری خطرے کا کوئی ثبوت پیش نہیں کیا گیا۔


ایران پر بمباری جلد رک جائے گی، صدر ڈونلڈ ٹرمپ


انھوں نے کہا کہ امریکی انتظامیہ نے بھی یہ دعویٰ نہیں کیا کہ ایران فوری حملے کی تیاری کر رہا تھا، لہٰذا اس معیار کے بغیر جنگ کا آغاز یا اسے جاری رکھنا قانونی طور پر درست قرار نہیں دیا جا سکتا۔ تقریب سے خطاب میں سینیٹر نے پاکستان کے سفارتی کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ واشنگٹن اور تہران کے درمیان بات چیت کے لیے اس کی سہولت کاری خطے میں کشیدگی کم کرنے میں مدد دے رہی ہے۔

یہ بیانات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب پاکستان خطے میں کشیدگی کم کرنے اور امریکا و ایران کے درمیان سفارتی کوششوں کو دوبارہ بحال کرنے کے لیے ثالثی کردار ادا کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

اہم ترین

جہانزیب علی
جہانزیب علی
جہانزیب علی اے آر وائی نیوز امریکا میں بطور بیورو چیف فرائض انجام دے رہے ہیں

مزید خبریں