اسلام آباد : اساتذہ اور طلبا کے لیے بڑی خوشخبری آگئی ، پاکستان میں پہلی بار مقامی سطح پر کروم بُک اسمبلی لائن کے ذریعے 2026 سے ہر سال 5 لاکھ لیپ ٹاپس تیار کیے جائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق اسپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل (SIFC) کی معاونت سے پاکستان نے ڈیجیٹل انقلاب کی جانب اہم سنگِ میل عبور کر لیا۔
حکومتِ پاکستان نے گوگل، ٹیک ویلی، اور نیشنل ریڈیو اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن کے اشتراک سے پہلی کروم بک اسمبلی لائن کا افتتاح کر دیا۔
Dollar And Other Currency Rates Today In Pakistan
اس منصوبے کے تحت 2026 سے سالانہ 5 لاکھ کروم بکس مقامی سطح پر اساتذہ اور طلبہ کے لیے تیار کیے جائیں گے۔
نائب وزیراعظم و وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ نئی پالیسی کے تحت پاکستان کو ریجنل ٹیکنالوجی ہب بنانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، گوگل کے ساتھ اسٹریٹجک اشتراک سے ایک لاکھ پاکستانی ڈویلپرز کو فنی تربیت فراہم کی جائے گی، جبکہ اے آئی لیڈرز فیلوشپ پروگرام کے تحت 100 اداروں کو مصنوعی ذہانت (AI) کے استعمال میں معاونت دی جائے گی۔
وفاقی وزیر آئی ٹی شزہ فاطمہ خواجہ کا کہنا تھا کہ ایک سال کے اندر اسمبلی لائن کا قیام اور معروف عالمی ٹیک کمپنی کی سرمایہ کاری ڈیجیٹل پاکستان کی جانب ایک تاریخی قدم ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس منصوبے سے مقامی سطح پر محفوظ اور سستے لیپ ٹاپس کی تیاری، صنعتی ترقی، اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔
ماہرین کے مطابق موبائل ایپس، ڈیجیٹل سروسز، اور ای کامرس کے فروغ سے 2030 تک 6.6 ارب ڈالرز سالانہ برآمدات حاصل ہونے کی توقع ہے۔
وفاقی حکام نے کہا کہ گوگل جیسی عالمی کمپنی کی پاکستان میں موجودگی ملک کی ڈیجیٹل معیشت اور ترقی کے لیے سنگِ میل ثابت ہوگی۔


