اسلام آباد: وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا ایرانی ہم منصب جواد ظریف سے ٹیلی فونک رابطہ ہوا اس دوران علاقائی صورت حال اور کرونا سے نمٹنے سے متعلق مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ٹیلی فونک رابطہ کے دوران وزیرخارجہ نے اپنے ایرانی ہم منصب کو رمضان کی مبارک باد دی۔ شاہ محمود نے ایران میں کرونا سے ہونے والے جانی نقصان پر دکھ کا اظہار کیا۔
وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے ایرانی حکومت اور عوام سے اظہار یکجہتی کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران حکومت اور عوام بہادری سے کرونا کا مقابلہ کررہے ہیں، دونوں وزرائے خارجہ میں افغان امن عمل سمیت علاقائی صورت حال پر گفتگو ہوئی۔ مقبوضہ کشمیر پر پاکستان کے مؤقف کی حمایت پر ایرانی وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا۔
وزیر خارجہ کا نیوزی لینڈ کے ہم منصب سے ٹیلیفونک رابطہ
قبل ازیں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا نیوزی لینڈ کے وزیر خارجہ وینسٹن پیٹرز سے ٹیلیفونک رابطہ ہوا جس میں وزیر خارجہ نے نیوزی لینڈ میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے نیوزی لینڈ حکومت کی جانب سے اقدامات کو سراہا۔
اس موقع پر شاہ محمود کا کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ کے ساتھ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، کرونا چیلنج سے نبردآزما ہونے کے لیے مشترکہ کاوشوں کی ضرورت ہے، کرونا کے غیرمعمولی پھیلاؤ سے دنیا معاشی بحران کی جانب بڑھ رہی ہے۔