ہفتہ, جولائی 18, 2026
اشتہار

دارچینی کا پانی : بالوں کی خوبصورتی کا ضامن

اشتہار

حیرت انگیز

دارچینی سے متعلق آپ سے یقیناً سن رکھا ہوگا کیونکہ یہ بوٹی پاکستانی پکوانوں میں مسالے کے طور پر استعمال کی جاتی ہے لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ دار چینی بالوں کی خوبصورتی کے لیے بہت مفید چیز ہے۔

دارچینی درخت کی ایک چھال ہے، یہ سب سے زیادہ پاکستان، سری لنکا، بھارت، چین اور افریقہ کے مختلف حصوں میں پائی جاتی ہے۔ یہ نہ صرف صحت کے لیے فائدہ مند ہے بلکہ بالوں کی نشونما، ان کی خوبصورتی اور مسائل کے حل میں بھی مدد کرسکتی ہے۔

یہ خوشبودار مسالہ بالوں کی نگہداشت کے قدرتی نسخوں میں بھی تیزی سے مقبول ہورہا ہے، ماہرین کے مطابق دار چینی کا پانی بالوں کی نشوونما بہتر بنانے، خشکی کم کرنے اور کھوپڑی کو صحت مند رکھنے میں مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔

حالیہ برسوں میں قدرتی بیوٹی ٹریٹمنٹس، جیسے روزمیری واٹر اور چاول کے پانی کے بعد، دار چینی کا پانی بھی سوشل میڈیا اور بیوٹی انڈسٹری میں خاص توجہ حاصل کررہا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ دار چینی میں موجود ’سنامل ڈیہائیڈ‘ نامی مرکب کھوپڑی میں خون کی گردش بہتر بنانے میں مدد دیتا ہے، جس سے بالوں کی جڑیں مضبوط ہوتی ہیں اور بالوں کی افزائش کا عمل تیز ہوسکتا ہے۔

اس کے علاوہ اس میں پائے جانے والے اینٹی آکسیڈینٹس اور سوزش کم کرنے والی خصوصیات کھوپڑی کی جلن اور خشکی کو کم کرنے میں بھی مددگار سمجھی جاتی ہیں۔

غذائی ماہرین کے مطابق دار چینی صرف بالوں ہی نہیں بلکہ مجموعی صحت کے لیے بھی فائدہ مند ہے، یہ خون میں شوگر کی سطح متوازن رکھنے، ہاضمہ بہتر بنانے، جسم میں چربی کم کرنے اور بلڈ پریشر کو قابو میں رکھنے میں معاون ہوسکتی ہے۔

دارچینی کا پانی بنانے کا طریقہ

دار چینی کا پانی تیار کرنے کے لیے دار چینی کے دو ٹکڑے دو کپ پانی میں ڈال کر تقریباً 15 منٹ ہلکی آنچ پر ابالیں۔ اس کے بعد مکسچر کو ٹھنڈا کرکے چھان لیں اور اسپرے بوتل میں محفوظ کرلیں۔

اگر دار چینی پاؤڈر استعمال کرنا ہو تو ایک کھانے کا چمچ پاؤڈر دو کپ گرم پانی میں شامل کرکے رات بھر چھوڑ دیں، پھر چھان کر استعمال کریں۔

استعمال کا طریقہ

دار چینی کے پانی کو براہِ راست کھوپڑی اور بالوں پر اسپرے کیا جاسکتا ہے۔ چند منٹ ہلکے ہاتھ سے مساج کرنے کے بعد اسے تقریباً آدھا گھنٹہ لگا رہنے دیں اور پھر ہلکے شیمپو سے دھولیں۔

شیمپو کے بعد اسے ہیئر رِنس کے طور پر بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔ مزید بہتر نتائج کے لیے اسے ناریل، بادام، روزمیری یا کیسٹر آئل کے ساتھ ملا کر بھی لگایا جاسکتا ہے۔

احتیاط ضروری

ماہرین خبردار کرتے ہیں کہ اگر کسی شخص کو دار چینی سے الرجی، کھوپڑی پر زخم، ایکزیما یا چنبل جیسی جلدی بیماری ہو تو اس نسخے سے گریز کرنا چاہیے۔ دار چینی میں گرمی کا اثر پایا جاتا ہے، اس لیے اسے کبھی بھی براہِ راست کھوپڑی پر نہ لگائیں بلکہ کسی تیل یا شہد کے ساتھ ملا کر استعمال کریں۔

ماہرین کے مطابق بہتر نتائج کے لیے اسے ہفتے میں دو بار استعمال کرنا کافی ہے جبکہ مستقل مزاجی کے ساتھ کم از کم 12 ہفتے تک استعمال کرنے سے فرق محسوس ہوسکتا ہے۔

 

دار چینی اور الائچی کے حیران کن فوائد

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں