اسلام آباد : خصوصی عدالت نے سائفر کیس میں پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمودقریشی کو 3 روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کردیا۔
تفصیلات کے مطابق آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت قائم خصوصی عدالت میں سائفرکیس کی سماعت ہوئی ، جج ابو الحسنات محمدذوالقرنین نے کیس کی سماعت کی۔
پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمودقریشی کو 4روزہ جسمانی ریمانڈ کے بعد عدالت میں پیش کیا گیا ، شاہ محمود قریشی کے وکیل شعیب شاہین اوراسپیشل پراسیکیوٹر شاہ خاور عدالت میں پیش ہوئے۔
ایف آئی اے کی جانب سے شاہ محمود قریشی کے مزید 9 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی ، جس پر شاہ محمودقریشی کے وکیل شعیب شاہین نے جسمانی ریمانڈ کی مخالفت کی۔
جج ابو الحسنات محمدذوالقرنین نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد سائفر کیس میں شاہ محمود قریشی کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔
خصوصی عدالت نے شاہ محمود قریشی کے جسمانی ریمانڈ پر محفوظ فیصلہ سنایا اور شاہ محمود قریشی کو3روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اےکے حوالے کردیا۔