دبئی : ایران کی دھمکی کے بعد دبئی میں سٹی بینک اور اسٹینڈرڈ چارٹرڈ بینک نے بھی دفاتر بند کرکے ورک فرام ہوم شروع کردیا۔
تفصیلات کے مطابق ایرانی بینک پر حالیہ اسرائیلی حملے کے بعد تہران کی جانب سے خلیج میں موجود امریکی اور اسرائیلی اقتصادی مراکز کو نشانہ بنانے کی دھمکی نے خطے میں سنسنی پھیلا دی۔
اس سنگین خطرے کے پیشِ نظر خلیجی ممالک میں عالمی بینکوں اور مالیاتی اداروں نے اپنے دفاتر بند کر کے عملے کا انخلا شروع کر دیا ہے۔
دبئی انٹرنیشنل فنانشل سینٹر نے اپنے دفاتر سے عملے کو گھروں پر منتقل کر دیا جطکہ دبئی میں سٹی بینک اور اسٹینڈرڈ چارٹرڈ نے اپنے دفاتر مکمل طور پر بند کر دیے ہیں اور ملازمین کو گھروں سے کام کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
ایچ ایس بی سی نے بھی اپنے دفاتر بند کر کے عملے کو گھر بھیج دیا ہے، جبکہ قطر میں بینک نے اپنی تمام برانچز کو فوری طور پر بند کرنے کا حکم دیا ہے۔
یہ ہنگامی اقدامات ایرانی بینک پر اسرائیلی حملے کے بعد سامنے آئے ہیں۔ تہران نے اس حملے کو اپنی خودمختاری پر حملہ قرار دیتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ وہ خلیج میں موجود دشمن کے معاشی مفادات اور بینکنگ مراکز کو جوابی کارروائی کا نشانہ بنائے گا۔
انخلا کے ان اقدامات کے باعث دبئی اور دیگر خلیجی شہروں کے کاروباری علاقوں میں غیر یقینی کی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔
دفاعی ماہرین کا ماننا ہے کہ ایران کی جانب سے سائبر حملوں یا میزائل و ڈرون حملوں کے خدشات کے باعث یہ بینکنگ ادارے اپنے ڈیجیٹل اثاثوں اور انسانی وسائل کو محفوظ بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


