اشتہار

کراچی : شہریوں کو اسلحہ سے ہراساں کرنے کی ویڈیو، حقیقت کیا ہے؟

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی : شہر قائد میں ایک سڑک پر مبینہ طور پر اسلحہ لہرا کر شہریوں کو ہراساں کرنے کی سامنے آنے والی ویڈیو نے سوشل میڈیا پر خوف و تشویش کی فضا پیدا کردی۔

اس حوالے سے پولیس کی ابتدائی تحقیقات میں ویڈیو کو مصنوعی ذہانت (اے آئی) کی مدد سے تیار کیا گیا قرار دیا گیا ہے۔

سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ویڈیو میں ایک گاڑی میں سوار افراد کو مبینہ طور پر پستول نما اسلحہ لہراتے اور سڑک پر چلنے والے افراد کو خوف زدہ کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔

ویڈیو میں موجود افراد مبینہ طور پر شہریوں کی جانب آوازیں بھی کستے اور انہیں ہراساں کرتے دکھائی دیتے ہیں۔

ویڈیو وائرل ہونے کے بعد شہریوں میں خوف اور تشویش کی لہر دوڑ گئی، بعد ازاں معاملہ پولیس کے نوٹس میں آیا۔

متعلقہ پولیس نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی اسویڈیو کی تحقیقات شروع کردیں، جبکہ سندھ کے وزیر داخلہ ضیا الحسن لنجار نے بھی واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی ساؤتھ سے رپورٹ طلب کی ہے۔

ڈی ایس پی کو انکوائری افسر مقرر کردیا گیا

وزیر داخلہ کی ہدایت پر ڈی آئی جی ساؤتھ نے ڈی ایس پی درخشاں کو معاملے کی تحقیقات کے لیے انکوائری افسر مقرر کیا ہے۔ پولیس ویڈیو کے پس منظر، اس میں نظر آنے والے افراد اور اسے سوشل میڈیا پر جاری کرنے والے اکاؤنٹ سمیت مختلف پہلوؤں کا جائزہ لے رہی ہے۔

پولیس کی ابتدائی تحقیقات کے مطابق ویڈیو تفریحی مقصد کے لیے تیار کی گئی اور اسے بنانے میں مصنوعی ذہانت کی مدد لی گئی۔

اس کے علاوہ جس سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر ویڈیو پوسٹ کی گئی تھی، وہاں اس کے ساتھ وضاحتی نوٹ بھی درج تھا کہ ویڈیو اے آئی کی مدد سے تفریحی مقاصد کے لیے تیار کی گئی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ویڈیو میں ایک ریسٹورنٹ کی نشاندہی بھی ہوئی ہے، جس کے اطراف موجود سی سی ٹی وی کیمروں کی ریکارڈنگ حاصل کی جائے گی۔ تاکہ یہ معلوم کیا جاسکے کہ ویڈیو میں نظر آنے والے افراد واقعی اس مقام پر موجود تھے یا نہیں۔

ویڈیو ڈیلیٹ کردی گئی

تحقیقات کے مطابق مذکورہ ویڈیو سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر پوسٹ کیے جانے کے تقریباً 18 گھنٹے بعد ڈیلیٹ کردی گئی، تاہم پولیس نے واضح کیا ہے کہ ویڈیو ڈیلیٹ ہونے کے باوجود تحقیقات جاری رہیں گی۔

پولیس کے مطابق اگر ویڈیو میں دکھایا گیا اسلحہ اصلی نہ بھی ہو تو عوامی مقامات پر اسلحہ نما چیز لہرا کر شہریوں کو خوف زدہ یا ہراساں کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔

کراچی:‌ ڈیفنس میں اسلحے سے شہریوں کو ہراساں کرنے کی ویڈیو وائرل

اہم ترین

افضل خان
افضل خان
افضل خان اے آر وائی نیوز سے وابستہ کرائم رپورٹر ہیں

مزید خبریں