اسلام آباد : وزیر اعظم کی ہدایت پرقائم سٹیزن پورٹل کے ذریعے عوامی شکایات کی شنوائی نہ کرنے والے افسران کی شامت آگئی، متعدد افسران معطل اور دیگر کو شوکاز نوٹس جاری کردیئے گئے۔
تفصیلات کے مطابق سٹیزن پورٹل پر شہریوں کی شکایات کا ازالہ نہ کرنے والے افسران کیخلاف حکومت نے نوٹس لیتے ہوئے سخت کارروائی کا آغاز کردیا، اسلام آباد میں عوامی مسائل حل نہ کرنے اور فرائض میں غفلت برتنے پر کئی افسران معطل کر دیئے۔
پنجاب کی بیورو کریسی میں بڑے پیمانے پر افسران کو معطل کیا گیا اس کے علاوہ غفلت برتنے پر اسسٹنٹ کمشنر ٹوبہ ٹیک سنگھ ، گجرات، ڈی جی خان کو عہدوں سے ہٹا دیا گیا۔
اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ31اسسٹنٹ کمشنرز کو شوکاز نوٹس اور بیس کو وارننگ لیٹر جاری کیے گئے ہیں، عوامی شکایات اور مسائل بروقت حل نہ کرنے پر اعلیٰ افسران کی سخت سرزنش بھی کی گئی ہے جبکہ بروقت ایکشن کرنے والے71اسسٹنٹ کمشنرز کو تعریفی لیٹرز بھی جاری کیے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ چند روز قبل وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے سٹیزن پورٹل پر درج ہونے والی غلط شکایت بھجوانے اور انکوائری میں غفلت برتنے پر ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سمیت دو پولیس افسران کو معطل کردیا تھا۔
یاد رہے کہ وزیراعظم پاکستان نے 28 اکتوبر 2018 کو ملکی تاریخ میں پہلی بارآن لائن عوامی شکایات کے اندراج کےلیے سیٹیزن پورٹل کا افتتاح کیا تھا، جس کے تحت درج ہونے والی شکایات کا ازالہ بھی کیا گیا۔