کراچی : سول ایوی ایشن اتھارٹی کا ایک اور کارنامہ کروڑوں وصول کئے بغیرنادہندہ کمپنی کو ائیرلائن رجسٹریشن سرٹیفکیٹ جاری کر دیا۔
اے آروائی نیوز کو موصول ہونے والے دستاویزات کے مطابق میسرز جیمنی ایوی ایشن طیا رے کی پارکنگ کی مد میں 18 کروڑ 13 لاکھ 60 ہزارکی نادہندہ ہے۔
ذرائع کے مطابق کمپنی نے 2009 سے کراچی ائیر پورٹ پر پارک طیارے کو 2011 میں اطلاع دئیے بغیر فروخت کر دیا، سی اے اے کے متعلقہ شعبے کے نوٹس پر کمپنی نے طیارے سے کسی بھی تعلق سے انکار کر دیا۔
بعد ازاں کمپنی نے نئے نام سے میسرز جیٹ گرین نامی ائر لائن کا رجسٹریشن سرٹیفکیٹ بھی حاصل کیا،متعلقہ شعبے نے واجبات وصول کئے بغیر ہی نادہندہ کمپنی کو آر پی ٹی ایل نامی لائسنس جاری کر دیا۔
مجوزہ آڈٹ برائے2015 میں آڈیٹرز کی جانب سے واجبات کی عدم وصولی پر اعتراض کیا گیا، قوانین کے تحت واجبات وصول کئے بغیر نئے لائسنس کے اجرا پر بھی آڈٹ اعتراضات کئے گئے۔
اتھارٹی حکام کا جواب غیر تسلی بخش قرار دے دیا گیا،آڈیٹرز نے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی ہدایات دی ہیں۔