تازہ ترین

چین پاکستان معاہدوں کے حوالے سے آئی ایم ایف کا اہم بیان

عالمی مالیاتی ادارے کا کہنا ہے کہ چین پاکستان...

جون تک پی آئی اے کی نجکاری کا عمل مکمل کرلیا جائے گا، وفاقی وزیر خزانہ

کراچی : وزیرخزانہ محمداورنگزیب کا کہنا ہے کہ پی...

حکومت کا ججز کے خط پر انکوائری کمیشن بنانے کا اعلان

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے اسلام آباد ہائی کورٹ...

یہ بات ذہن سے نکال دیں الیکشن تاخیرکا شکار ہوں گے، الیکشن وقت پر ہی ہوں گے، چیف جسٹس

اسلام آباد : سپریم کورٹ میں چیف جسٹس ثاقب نثار نے ریمارکس میں دوٹوک بتادیا الیکشن وقت پر ہی ہوں گے، الیکشن میں تاخیر کا خیال ذہن سے نکال دیں۔

تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں ورکرزپارٹی سےمتعلق کیس کی سماعت کے دوران جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثار نے واضح اعلان کیا کہ آئندہ عام انتخابات اپنے وقت پر ہوں گے، اگر کسی کے ذہن میں ایسا خیال ہے کہ الیکشن دو یا تین مہینے کی تاخیر سے ہوسکتے ہیں، تو ایسا خیال اپنے ذہن سے نکال دے۔

چیف جسٹس نے ریمارکس میں کہا نئے کاغذات نامزدگی کی وجہ سے امیدوارمعلومات اکٹھی ہی نہیں کرسکے، پرانے کاغذات نامزدگی بحال کئے جاتے ہیں تو انہیں بہانہ مل جائے گا کہ ہمارے پاس معلومات نہیں، اس لئے چاہتے ہیں انتخابات تاخیر کا شکار نہ ہوں۔

جسٹس ثاقب نثار نے یہ بھی واضح کیا کہ انتخابی ضابطہ اخلاق تمام سیاسی جماعتوں نے مل کر بنایا ہے، اس ضابطہ اخلاق کو تبدیل نہیں کیا جاسکتا۔

سماعت کے دوران درخواست گزار کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ انتخابی اصلاحات پر دو ہزار بارہ میں فیصلہ دے چکی ہے، جس میں الیکشن کمیشن کے اختیارات کا بھی تعین کر دیا گیا ہے۔

اس موقع پر ڈی جی الیکشن کمیشن نے عدالت کو بتایا کہ الیکشن ایکٹ 2017 کے بعد الیکشن کمیشن نے ضابطہ اخلاق کا جائزہ لیا اور تمام سیاسی جماعتوں نے مل کر نیا ضابطہ اخلاق بنایا، نیا ضابطہ اخلاق 2018 کے انتخابات کے لیے بنایا گیا ہے۔

بعد ازاں مقدمے کی سماعت کل تک کے لیے ملتوی کردی گئی۔

واضح رہے کہ عام انتخابات 2018 کا انعقاد 25 جولائی کو کیا جائے گا، جس کے لیے الیکشن کمیشن کی جانب سے شیڈول جاری کیا جاچکا ہے۔


خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

Comments

- Advertisement -