اسلام آباد : سپریم کورٹ نے سرکاری خزانے سے ذاتی تشہیر کیلئے جاری فنڈز کے ازخود نوٹس کی سماعت کے دوران سیکریٹری اطلاعات پنجاب، سندھ کو ایک ہفتے میں اشتہارات کی تفصیلات دینے کا حکم دیدیا۔
تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں 3رکنی بینچ نے سرکاری خزانے سے ذاتی تشہیر کیلئے جاری فنڈز کے ازخود نوٹس کیس کی سماعت کی اور ازخودنوٹس12 مارچ کو سماعت کے لئے مقرر کردی۔
دوران سماعت چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ سرکاری اشتہارات کےذریعےترقیاتی منصوبوں کی تشہیرپری پول ریگنگ ہے، ترقیاتی منصوبوں کے سرکاری خزانے سے اشتہارات کیوں دیئے جارہےہیں، تصویر آپ کی، تشہیر آپکے کارناموں کی،خرچہ سرکاری خزانے سے۔
جسٹس ثاقب نثار نے استفسار کیا کہ یہ کس قانون کے تحت ہورہا ہے، اپنے تشہیر کا اتنا ہی شوق ہے تو کیوں نہ پارٹی فنڈ سے دی جاتے ، اشتہارات پرخرچ کروڑوں روپےکیااسپتالوں کو نہیں دی جانے چاہئیں۔
چیف جسٹس نے کہا کہ اسپتالوں میں بنیادی سہولتیں اورادویات دستیاب نہیں اور سیکریٹری اطلاعات کے پی،پنجاب،سندھ اشتہارات کی تفصیلات دینے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ سیکریٹریز اشتہارات کی تفصیلات ایک ہفتے میں جمع کرائیں، تفصیلات پرڈپٹی سیکریٹری،سیکریٹری دونوں کے دستخط ہونے چاہئیں۔