لاہور: پنجاب کے سرکاری میڈیکل اور ڈینٹل کالجز میں 22 فروری سے کلاسز کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے سرکاری میڈیکل اور ڈینٹل کالجز میں بائیس فروری سے کلاسز کا آغاز ہوگا، جب کہ آزاد جموں و کشمیر میں میڈیکل کالجز کی کلاسز یکم مارچ سے شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
آج یونی ورسٹی آف ہیلتھ سائنسز میں میڈیکل کالجوں میں داخلے کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں پنجاب اور آزاد جموں و کشمیر کے سرکاری تعلیمی اداروں کے وائس چانسلرز اور پرنسپلز نے شرکت کی۔
اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ تمام کالجز طلبہ کووائٹ کوٹ تقریب کے لیے بلائیں گے، کسی نادار طالب علم کو فیس نہ ہونے پر داخلے سے انکار نہیں کیا جائے گا۔
اجلاس میں صاحبِ صدر، یو ایچ ایس کے وائس چانسلر پروفیسر جاوید اکرم نے کہا کہ پرنسپل کی سفارش پر یو ایچ ایس خود طالب علم کی فیس ادا کرے گی۔
ٹیم لیڈ ایڈمشن ڈاکٹر اللہ رکھا نے کہا میڈیکل کالجز میں داخلے پاکستان میڈیکل کمیشن (پی ایم سی) کی ہدایات کے مطابق مکمل کیے گئے ہیں، سرکاری میڈیکل، ڈینٹل کالجز کی 95 فی صد سیٹوں پر داخلہ بھی مکمل ہو چکا ہے۔
پروفیسر عارف تجمل نے کہا کہ مہینوں کا کام ہفتوں میں مکمل کرنے پر یو ایچ ایس مبارک باد کی مستحق ہے۔ پروفیسر خالد مسعود گوندل کا کہنا تھا کہ سرکاری میڈیکل کالجز میں نادار طلبہ کی مالی امداد کے لیے وافر اسکالر شپس دستیاب ہیں۔