مظفرآباد : آزاد کشمیر کے دارلحکومت کلاؤڈ برسٹ نےتباہی مچادی، گوہرآباد میں متعدد مکانات اور املاک کونقصان پہنچا۔
تفصیلات کے مطابق آزاد کشمیرمیں بھی بارشوں سے نظامِ زندگی مفلوج ہوگیا، مظفرآباد میں کلاؤڈ برسٹ نےتباہی مچادی۔
گوہرآباد میں متعدد مکانات اور املاک کونقصان پہنچا، سڑکیں اورگلیاں زیرِآب آگئیں جبکہ رجنوں مویشی سیلابی ریلے میں بہہ گئے اور شاہراہ لیپہ لینڈ سلائیڈنگ سے بند ہوگئی۔
اسٹیٹ ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر آپریشنز سعید قریشی کے مطابق رات بھر ہونے والی شدید بارش اور 3:45 بجے کے قریب بادل پھٹنے سے گوہر آباد نالے میں پانی کا اچانک اضافہ ہوا، جس سے ملحقہ رہائشی علاقے زیرآب آگئے اور بھاری ملبے کی وجہ سے چار لنک سڑکیں مکمل طور پر بند ہوگئیں۔
آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم چوہدری انوار الحق کی ہدایت پر مظفرآباد کے ڈویژنل کمشنر چوہدری گفتار حسین اور ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) پولیس یاسین قریشی نے متاثرہ گاؤں کا دورہ کیا اور صورتحال کا جائزہ لیا اور امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔
کمشنر حسین نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ نقصانات کا تخمینہ ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے تاکہ بروقت معاوضہ اور بحالی کی سہولت فراہم کی جا سکے۔ انہوں نے مکینوں کو یقین دلایا کہ حکومت انہیں کسی صورت نہیں چھوڑے گی اور ان کی مدد کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے گی۔
مزید بارشوں کی پیشین گوئی کے پیش نظر، کمشنر نے شہریوں سے خاص طور پر ندیوں اور نالہوں کے کنارے رہنے والوں پر زور دیا کہ وہ مون سون کے دوران محفوظ علاقوں میں منتقل ہوجائیں۔
دوسری جانب گلگت بلتستان میں بھی شدید بارشوں کے باعث سیلاب اور لینڈ سلا ئیڈنگ کی صورتحال پیداہوگئی ہے، چلاس،ہنزہ اوردیامر میں شاہراہ قراقرم سمیت کئی سڑکیں اوررابطہ پل بند ہوگئے جبکہ درجنوں مکانات، زرعی زمینیں اورباغات متاثرہوئے۔
ہنزہ میں حسین آباد نالے میں طغیانی، دیامر میں واٹر چینلز اور بجلی کا نظام بھی شدید متاثر ہوا۔
موسم سے متعلق خبریں
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں



