کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ یہ وردی اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کررہی ہے، بریگیڈیئر، کرنل اور میجد شہید ہورہے ہیں مگر پھر بھی اسی کے خلاف باتیں ہورہی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں عبدالقدوس بزنجو کا کہنا تھا کہ جتنی زبان ان کے پاس ہےاتنی ہمارےپاس بھی ہے، یہ کونساقانون ہےکہ لوگ یہاں بدمعاشیاں دکھارہےہیں، اسپیکر کو اس رویے پر سخت ایکشن لینا چاہیے کیونکہ ایوان کے تقدس کو پامال کیا گیا۔
انہوں نے دعا کی کہ اللہ کرنل سہیل کے درجات بلند کرے۔ اُن کا کہنا تھا کہ یہ وردی اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کررہی ہے، دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں بریگڈیئر، کرنل، میجر شہید ہورہے ہیں، ہر تکلیف میں ہمیں فوج یاد آتی ہے مگر پھر بھی اسی کے خلاف باتیں کرتے ہیں۔
مزید پڑھیں: کرنل سہیل نے آرمی چیف کا ہزارہ برادری سے کیا ہوا وعدہ نبھایا
وزیراعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ بات کرنا بہت آسان اور جان دینا مشکل ہے، جب عوام دہشت گردی کا نشانہ بن رہے تھے تو یہ تنقیدی لوگ کہاں تھے؟ کرنل سہیل تین بچوں کا والد تھا اُس نے بلوچستان کی خاطر جان دی۔
عبدالقدوس بزنجو کا کہنا تھا کہ منظور پشتون پختونوں کا دوست نہیں بلکہ دشمن ہے، ہم ایسے لوگوں کے ساتھ نہیں بلکہ اپنی فوج، ایف سی، پولیس کے ساتھ ہیں کیونکہ انہوں نے ہمارے خاطر قربانیاں دیں، آج ہم اپنے گھروں میں سکون سے بیٹھے ہیں اور ہمارے سپاہی لڑ رہے ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ 20 سال بعد قوم نے سکھ کا سانس لینا شروع کیا، ہمیں فوج کا احترام کرنا چاہیے کیونکہ یہ ہمارے بچے اور بھائی ہیں، زلزلہ متاثرین کی دیکھ بھال فوج کا کام نہیں تھا مگر 2013 میں ہمیں صرف فوج ہی نظر آئی۔