کوئٹہ : وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ نوکریوں کا صرف اعلان نہیں کیا ہے بلکہ اس پرعمل درآمد بھی ہوگا، اپوزیشن ہماری کارکردگی پر بھی ضرور بات کرے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسپیکر عبدالقدوس بزنجو کی زیر صدارت بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں کیا، وزیراعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن لیڈر کے بغیر ایوان کی کارروائی نامکمل ہوتی ہے، اپوزیشن اراکین ہم پر مثبت تنقید کے ساتھ ساتھ ہماری کارکردگی پر بھی ضرور بات کریں۔
انہوں نے بتایا کہ گزشتہ ساڑھے3ماہ میں جتنے کابینہ اجلاس ہوئے اتنے اجلاس پچھلی حکومتوں میں کبھی نہیں ہوئے، قانون سازی کے حوالے سے70ایجنڈے کابینہ میں منظور ہوئے۔
زمینوں کی خرید وفروخت سے متعلق جو قانون ہم نے بنایا وہ اس سے پہلے کبھی نہیں بنایا گیا، اس کے علاوہ تعلیم اور صحت کو لازمی سروس ہماری حکومت نے ہی قرار دیا۔
جام کمال کا مزید کہنا تھا کہ20ہزار نوکریاں دینے کا اعلان بھی ہماری حکومت نے کیا، ہم نے نوکریوں کا صرف اعلان ہی نہیں کیا ہے بلکہ اس پرعمل درآمد بھی ضرور کیا جائے گا، انہوں نے بتایا کہ تقرریوں میں شفافیت کےحوالے سے کمیٹیاں بھی قائم کی گئی ہیں۔