اسلام آباد : انسداد دہشت گردی کی عدالت نے وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور کی عبوری ضمانت 17اپریل تک منظور کرلی۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی کی عدالت میں وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈا پور کے خلاف تھانہ سی ٹی ڈی میں درج مقدمے کے کیس کی سماعت ہوئی۔
وکیل راجہ ظہورالحسن نے بتایا کہ علی امین گنڈاپورایف آئی آر میں نامزد ہیں مگرانکا کردار کوئی نہیں، کیونکہ علی امین گنڈاپور موقع پر موجود ہی نہیں تھے۔
وکیل کا کہنا تھا کہ علی امین گنڈاپور کےخلاف 50ایف آئی آر زدرج ہوئیں، ان کو عدالت تک پہنچنے بھی نہیں دیا جاتا رہا۔
انسداددہشتگردی عدالت نے وزیراعلیٰ کےپی علی امین گنڈاپور ضمانت قبل از گرفتاری کی در خواست منظور کرتے ہوئے 17اپریل تک عبوری ضمانت منظور کرلی۔
یاد رہے علی امین گنڈاپور نے ضمانت قبل از گرفتاری کیلئے اےٹی سی سےرجوع کیا تھا ، جس میں کہا تھا کہ علی امین گنڈا پورکو جھوٹی ایف آئی آر میں گھسیٹا جارہا ہے، ایف آئی ار میں بیان کی گئی کہانی من گھڑت اور بے بنیاد ہے۔
درخواست میں کہا گیا تھا کہ علی امین گنڈاپور کیس میں شامل تفتیش ہونے کیلئے تیار ہیں،ایف آئی آر کا مقصد علی امین گنڈاپورکی ساکھ کومتاثر کرناہے، استدعا ہے علی امین گنڈاپور کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست منظور کی جائے۔