اسلام آباد (9 جنوری 2026): وزیراعلیٰ کے پی کا طیارہ سندھ کے لیے اڑان نہ بھر سکا سہیل آفریدی نے فلائٹ جان بوجھ کر لیٹ کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی جو آج سے سندھ کا چار روزہ دورہ شروع کر رہے ہیں۔ تاہم ان کا طیارہ مقررہ وقت گزرنے کے ڈھائی گھنٹے بعد بھی پرواز نہیں کر سکا ہے۔
سہیل آفریدی وفد کے ہمراہ سندھ کے دورے پر روانہ ہونے کے لیے مقررہ وقت پر ایئرپورٹ پہنچ گئے تھے اور ان کے طیارے کی اڑان کا وقت صبح 9 بجے شیڈول تھا۔
تاہم مقررہ وقت سے ڈھائی گھنٹہ زائد گزر جانے کے باوجود ساڑھے 11 بجے تک ان کا طیارہ پرواز نہیں کر سکا جب کہ نجی ایئرلائن کے طیارے کی اڑان کے لیے اب دوپہر پونے ایک بجے کا وقت مقرر کیا گیا ہے۔
نجی ایئر لائن کی فلائٹ میں تاخیر کے باعث سہیل آفریدی اب پی آئی اے کی فلائٹ سے کراچی روانہ ہوں گے۔ طیارہ کچھ دیر بعد پرواز کرے گا اور وہ دوپہر ایک بج کر 20 منٹ پر کراچی میں لینڈ کرے گا۔
واضح رہے کہ وزیراعلیٰ کے پی کے ہمراہ صوبائی کابینہ کے اراکین سمیت پارٹی کے پارلیمانی لیڈرز بھی سندھ جار رہے ہیں۔
سہیل آفریدی اپنے چار روزہ دورہ سندھ کے دوران وزیراعلیٰ سندھ سے ملاقاات، پریس کلب کراچی کا دورہ، انصاف ہاؤس میں پارٹی قیادت سے ملاقات، حیدرآباد بار اور پریس کلب میں خطاب، آئی ایس ایف کنونشن، سندھ کابینہ اور دیگر معززین سے ملاقاتوں کے علاوہ اتوار 11 جنوری کو مزار قائد پر جلسہ عام سے خطاب بھی کریں گے۔
ان کے دورہ سندھ کے حوالے سے کے پی حکومت کے معاون خصوصی شفیع جان کے مطابق وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کا دورہ سندھ اسٹریٹ موومنٹ میں مزید تیزی لانے کے لیے اہم ہے، وہ حیدرآباد اور کوٹری میں اسٹریٹ موومنٹ کی قیادت کریں گے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


