ہفتہ, فروری 8, 2025
اشتہار

الگ صوبے کی بات کرنے والوں پر لعنت بھیجتا ہوں، مراد علی شاہ

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی : وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ الگ صوبے کی بات کرنے والوں پر لعنت بھیجتا ہوں، جو لوگ دھرتی کو ماں کہتے ہیں اسے اپنا تو کہیں۔

یہ بات انہوں نے سندھ اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے کہی، وزیر اعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ ماضی میں شہر قائد دہشت زدہ تھا، ہرجگہ قتل عام ہوتا تھا، بھتہ خوری اور بوریوں میں لاشیں ملا کرتی تھیں، لوگ باہر نکلنے سے ڈرتے تھے لیکن آج کا کراچی اس سے پوری طرح مختلف ہے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف کی تین گھنٹوں پر محیط تقریر میں کوئی بات قابل ذکر نہ تھی، سنی سنائی باتوں پر یقین نہ کریں، ہم نے سال09-2008 سے ابھی تک سندھ میں 833 بلین روپے خرچ کیے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ میں الگ صوبہ بنانے کی مذمت کرتا ہوں اگر اب بھی کسی کے دل میں کوئی خلل ہے تو نکال دے، جس دھرتی کو ماں کہتے ہیں اسے اپنا تو کہیں، میں الگ صوبے کی بات کرنے والوں پر لعنت بھیجتا ہوں۔

واضح رہے کہ آج پورے ملک میں جنوبی پنجاب صوبے کی باتیں ہورہی ہیں جبکہ سندھ اسمبلی میں لعنتیں دی جارہی ہیں، عمران خان کا کہنا ہے کہ اقتدار میں آکر جنوبی پنجاب کو صوبہ بنائیں گے، یہی باتیں بلاول اور زرداری بھی کئی مرتبہ کہہ چکے ہیں۔

قبل ازیں ایم کیوایم پاکستان کے رہنما خالد مقبول صدیقی بھی سندھ میں صوبہ بنانے کا اعلان کرچکے ہیں، ایم کیوایم حقیقی کے سربراہ آفاق احمد نے تو جنوبی سندھ صوبے کی تحریک بھی شروع کردی ہے، اب سندھ میں ایک اور صوبہ بنے گا یانہیں یہ تو وقت بتائے گا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں