لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب اور اپوزیشن لیڈر مشاورت سے نگراں وزیراعلیٰ کا انتخاب کریں گے ، 3دن میں مشاورت سے کوئی نام فائنل نہ ہوا تو معاملہ اسپیکرکمیٹی میں جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق نگراں وزیراعلیٰ کے تقرر کیلئے وزیراعلیٰ پنجاب اپوزیشن لیڈر کو خط لکھیں گے، جس کے بعد وزیراعلیٰ اور اپوزیشن لیڈر ملکر نگراں وزیراعلیٰ کےتقرر کیلئے مشاورت کریں گے اور نگراں وزیراعلیٰ کا انتخاب کریں گے۔
مشاورت مکمل ہوگئی تو 3دن میں نگران وزیراعلیٰ کا تقرر ہوجائے گا اور اگر 3دن میں مشاورت سے کوئی نام فائنل نہ ہوا تو معاملہ اسپیکرکمیٹی میں جائے گا۔
اسپیکر پنجاب اسمبلی 6 اراکین اسمبلی پرمشتمل کمیٹی تشکیل دیں گے، اسپیکرکی کمیٹی میں 3 حکومت اور 3 اپوزیشن اراکین سےہوں گے۔
اسپیکر کی کمیٹی کو حکومت اور اپوزیشن نگراں وزیراعلیٰ کیلئے 2،2نام دے گی ، اتفاق رائے ہونے پر اسپیکر کی کمیٹی ایک نام فائنل کرے گی۔
اگر 3 دن میں اتفاق رائے نہ ہونے پر معاملہ الیکشن کمیشن کے پاس جائے گا ، الیکشن کمیشن بھی اپوزیشن اور حکومت سے 2،2 نام مانگے گا اور الیکشن کمیشن 2 دن کے اندر نگران وزیر اعلیٰ کا تقرر کرے گا جو حتمی ہوگا۔