لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب نے صوبے کے 17 ہزار اسکولوں میں سولرپینل لگانے کا اعلان کیا ہے ، پہلے مرحلے میں جنوبی پنجاب کے اسکولوں میں سولر پینل لگانے کی منظوری دے دی۔
وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبے میں تعلیم کے فروغ کے لیے مختلف اقدامات کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں اسکولوں میں اضافی کمروں کی تعمیر،سولر پینلز پروگرام پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا، پہلے مرحلے میں جنوبی پنجاب کے اسکولز میں سولر پینلز لگانے کی منظوری دے دی گئی۔
وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے کہا کہ صوبے کے 17 ہزار اسکولوں میں سولر پینلز لگائے جائیں گے،جنوبی پنجاب میں چھٹی سے دسویں تک طالبات کا وظیفہ ایک ہزار کردیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پروگرام کے لیے 5 ارب روپے سے زائد رقم رکھی گئی ہے۔
یہ پڑھیں: پنجاب کے اسکولوں میں قرآن مجید کی تعلیم لازمی قرار
پنجاب حکومت کی جانب سے اسکولوں میں تعمیری اقدامات کا سلسلہ جاری ہے، قبل ازیں پنجاب حکومت نے سرکاری تعلیمی نصاب میں قرآن مجید کی تعلیم کو لازمی قرار دیا،پہلی سے پانچویں جماعت تک ناظرہ کی جبکہ چھٹی سے دسویں جماعت تک کے طلبہ کو ترجمے کے ساتھ قرآن مجید کی تعلیم دی جائے گی تاہم دس سے بارہویں جماعت تک قرآنی احکامات پر مبنی سورتیں پڑھائی جائیں گی۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب کے اسکولوں میں ٹریفک قوانین پڑھانے کا فیصلہ
قبل ازیں پنجاب حکومت نے ٹریفک قوانین کی آگاہی دینے کے لیے اسے اسکولوں میں پڑھانے کا فیصلہ کیا تھا۔