لاہور : وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی زیرصدارت صوبائی کابینہ کے اجلاس میں سات نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا، اجلاس میں صوبائی وزراء، مشیران، معاونین خصوصی، چیف سیکریٹری ودیگر عہدیداران شریک ہوئے۔
اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں موجودہ سیاسی صورتحال پربھی بات چیت کی گئی، وزیراعظم کے احکامات سے بھی آگاہ کیا گیا۔
اجلاس میں پنجاب پنشن فنڈ کے جنرل منیجر کے عہدے پر شاہ نواز نادر شاہ کی تقرری کی منظوری دی گئی اور سیلاب کے ممکنہ خطرے کے پیش نظر مقامی آبادیوں، زرعی اراضی اور باغات وغیرہ کو نقصانات سے بچانے کیلئے ہنگامی نوعیت کے فلڈ پروٹیکشن ورکس کی مجوزہ پالیسی کے مسودے کی منظوری دی گئی۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں پنجاب وٹنس پروٹیکشن رولز کی منظوری کے علاوہ پنجاب شوگر فیکٹریز کنٹرول ترمیمی ایکٹ کی بھی منظوری دی گئی۔
اجلاس میں ٹیوٹا ایکٹ 2010میں ترامیم کی منظوری دی گئی جبکہ سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں راولپنڈی کے موضع تخت پڑی او ردیگر شاملات کے بارے میں قواعد وضوابط کے مطابق اقدامات کا فیصلہ کیاگیا۔
وزیراعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ممکنہ سیلاب کے خدشے کے پیش نظر متعلقہ ادارے پیشگی انتظامات مکمل رکھیں اور اس ضمن میں ضلعی انتظامیہ کو ضروری وسائل ترجیحی بنیادوں پر فراہم کئے جائیں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ عوام کی خدمت کے سفر کو مزید تیزی سے آگے بڑھائیں گے اور وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان اپنی حقیقی منزل کی جانب بڑھ رہا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ کفایت شعاری اور بچت کا آغاز وزیراعلیٰ آفس سے کر کے مثال قائم کی ہے۔
مزید پڑھیں: اپوزیشن جماعتیں ایک دوسرے سے بھی مخلص نہیں، وزیراعلیٰ پنجاب