لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا دعا ہے قومی ٹیم آج کامیابی حاصل کرکے فتوحات کاسلسلہ برقرار رکھے ، افغانستان کے خلاف کامیابی کے لیے نئے عزم کے ساتھ اترنا ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے قومی کرکٹ ٹیم کےلیےنیک تمناؤں کااظہار کرتے ہوئے کہا دعا ہے قومی ٹیم آج کامیابی حاصل کرکے فتوحات کا سلسلہ برقرار رکھے، افغان ٹیم کو کمزور حریف نہیں سمجھنا چاہیے، افغانستان کے خلاف کامیابی کےلیےنئے عزم کے ساتھ اترنا ہو گا۔
خیال رہے قومی کرکٹ ٹیم عالمی کپ میں ایک اور اہم میچ آج افغانستان کے خلاف کھیلے گی، ٹاپ فور کا مضبوط امیدوار بننے کےلئے پاکستان ٹیم کو میچ جیتنا لازمی ہے، منیجمنٹ لیڈز کی وکٹ کو دیکھتے ہوئے عماد وسیم کی جگہ فاسٹ بولر محمد حسنین یا حسن علی کو شامل کرنے پر غور کررہی ہے۔
قومی ٹیم افغانستان کو شکست دے کر پوائنٹس ٹیبل پر چوتھی پوزیشن پر آجائے گی۔
مزید پڑھیں : پاکستان اورافغانستان کے مابین میچ بہت دلچسپ ہوگا، وزیرخارجہ
یاد رہے پاکستان اور افغانستان کے ورلڈکپ میچ پر وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ میں سمجھتا ہوں پاکستان اور افغانستان کے مابین میچ بہت دلچسپ ہوگا۔
وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ افغانستان کی ٹیم اچھی ہے ، انہوں نے پاکستان سے کرکٹ کھیلنا سیکھا، افغانستان کے مختلف کھلاڑی پاکستان کے تربیتی کیمپ میں رہے، پاکستان نے افغان کرکٹرزکو کھیل سے آشنا کیا۔
ان کا کہنا تھا میرے خیال میں میچ اسی ماحول میں ہوگا جس میں ہم نے افغان حکام سے بات کی، میری تو دعا ہے کہ پاکستان جیتے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان نے ورلڈکپ میں نہ ہارنے والی ٹیم نیوزی لینڈ کو شکست دی۔