کراچی : وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے خبردار کیا ہے کہ صورتحال اچھی نہیں ہے ، ہمیں کوروناکےخلاف سخت اقدامات کرنے ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیرصدارت کوروناوائرس ٹاسک فورس کااجلاس ہوا، جس میں بریفنگ میں بتایا گیا کہ مجموعی طورپرکورونا کی تشخیص کا تناسب7فیصد ہے، 22 اپریل سے 28 اپریل کراچی میں کورونا کی شرح 10.75 فیصد ہے جبکہ حیدرآباد 20 فیصد، سکھر 9.48 فیصد اور باقی اضلاع میں 2.79فیصدشرح ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ یہ صورتحال اچھی نہیں ہے ، ہمیں کوروناکےخلاف سخت اقدامات کرنے ہوں گے ، انتظامیہ کاروبارکی ٹائمنگ صبح 6 سے شام6 بجے یقینی بنائیں اور گزشتہ ٹاسک فورس اجلاس کےفیصلوں پرعملدرآمد یقینی بنایا جائے۔
وزیراعلیٰ سندھ نےناصر شاہ،سعیدغنی اوراویس شاہ پرمشتمل کمیٹی قائم کردی اور کہا کمیٹی تاجروں اورٹرانسپوٹرز کو اعتماد میں لیکر سخت اقدامات کرے گی، اگرمکمل لاک ڈاؤن سےبچناہےتوایس اوپیزپرعمل کرناہوگا۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ کچھ نجی دفاترایس اوپیزاوراسٹاف کم کرنےکےفیصلےپرعمل نہیں کررہے، جس پر وزیراعلیٰ سندھ نے ہدایت کی کہ ایس اوپیزپرعمل نہ کرنےوالےدفاترکوسیل کیاجائے۔
مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ کل سے انٹرڈسٹرکٹ بس ٹرانسپورٹ پرپابندی ہوگی جبکہ دیگرصوبوں سے پبلک ٹرانسپورٹ کو سندھ میں داخلہ منع ہے۔