منگل, فروری 18, 2025
اشتہار

جعلی اکاؤنٹس کیس ، وزیراعلی سندھ نے بھی حکم نامے کےخلاف سپریم کورٹ سے رجوع کرلیا

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد : جعلی اکاؤنٹس کیس میں وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بھی  سپریم کورٹ کے فیصلے کیخلاف نظرثانی درخواست دائر کردی ، جس میں کہا گیا جےآئی ٹی جعلی اکاؤنٹس ٹرانزیکشنز میں ملوث ہونےکاثبوت نہ لا سکی، سپریم کورٹ فیصلہ پر نظر ثانی کرے۔

تفصیلات کے مطابق پی پی چیئرمین بلاول بھٹو ,آصف زرداری اور فریال تالپور کے بعد وزیر اعلیٰ سندھ نے بھی سپریم کورٹ کے فیصلے کیخلاف نظرثانی درخواست دائر کردی ، نظر ثانی میں وفاق، نیب اور جے آئی ٹی کو فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ جے آئی ٹی نے جعلی اکاؤنٹس معاملے کی تحقیقات کرنی تھی، جے آئی ٹی جعلی اکاؤنٹس ٹرانزیکشنز سے تعلق ثابت نہ کر سکی اور نہ ٹرانزیکشنز میں ملوث ہونے کا ثبوت لا سکی۔

درخواست میں کہا گیا سندھ اسمبلی نے شوگر ملز کو سبسڈی کی منظوری دی ، قرار داد پی ٹی آئی کے خرم شیر زمان کی جانب سے پیش کی گئی ، مقدمہ کراچی سے اسلام آباد منتقل کرنے کا کوئی جواز نہیں۔

دائر درخواست میں مزید کہا گیا فیصلے میں جے آئی ٹی رپورٹ سے نام نکالنے کا زبانی حکم شامل نہیں ، معاملے پر عمل درآمد بینچ تشکیل دینے کا بھی جواز نہ تھا ، سپریم کورٹ فیصلہ پر نظر ثانی کرے۔

مزید پڑھیں : بلاول بھٹو نے جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں نظرثانی اپیل دائر کردی

گذشتہ روز جعلی اکاؤنٹس کیس میں پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے سپریم کورٹ کے فیصلے کیخلاف نظرثانی درخواست دائر ‌‌‌کی تھی، درخواست میں جے آئی ٹی کی تشکیل، حساس اداروں کے ممبران کی شمولیت پر اعتراضات اور سپریم کورٹ کے صوابدیدی اختیارپر بھی سوال اٹھایا گیا تھا۔

اس سے قبل سندھ حکومت نے جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں نظرثانی درخواست سپریم کورٹ میں دائر کی تھی ، جس میں استدعا کی گئی تھی کہ جعلی اکاؤنٹس کیس اسلام آبادمنتقل نہ کیا جائے، مزید انکوائری اسلام آباد میں کرنے سے انتظامی مسائل ہوں گے، انکوائری کراچی میں ہی کی جائے۔

یاد رہے 28 جنوری کو جعلی اکاؤنٹس کیس میں پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری اور ان کی بہن فریال تالپور نے سپریم کورٹ کے فیصلے کے خلاف نظرثانی درخواست دائر کی تھی ۔

جس میں کہا گیا تھا کہ ایف آئی اے بینکنگ کورٹ میں حتمی چالان داخل کرنےمیں ناکام رہا، قانون کی عدم موجودگی میں مختلف اداروں کی جےآئی ٹی نہیں بنائی جاسکتی، لہذا سپریم کورٹ 7جنوری کے فیصلے کو ری وزٹ اور نظر ثانی کرے اور حکم نامے پر حکم امتناع جاری کرے۔

واضح رہے 7 جنوری کو جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں چیف جسٹس نے جعلی بینک اکاؤنٹس کیس کا معاملہ نیب کو بھجواتے ہوئے مراد علی شاہ اور بلاول بھٹو کا نام جے آئی ٹی رپورٹ اورای سی ایل سے نکالنے کا حکم دیا تھا۔

خیال رہے جعلی بینک اکاؤنٹ کیس میں جے آئی ٹی رپورٹ میں بلاول ہاؤس اور زرداری خاندان کے دیگر اخراجات سے متعلق انتہائی اہم اور ہوشربا انکشافات سامنے آئے تھے کہ زرداری خاندان اخراجات کے لیے جعلی اکاؤنٹس سے رقم حاصل کرتا رہا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں