اتوار, جون 14, 2026
اشتہار

وزیراعلیٰ سندھ نے گل پلازہ متاثرین کو بڑی خوشخبری سنادی

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی : وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے گل پلازہ متاثرین کو بڑی خوشخبری دیتے ہوئے کہا کہ 2 سے 3 ہفتے میں متاثرین کو پیسے دیئے جائیں گے تاکہ وہ اپنا کاروبار چلا سکیں۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس شہر کو سانحات سے بچانے کے لیے عوام کے تعاون کی اشد ضرورت ہے، سانحہ گل پلازہ میں جاں بحق افراد کے لواحقین کو فی کس ایک کروڑ روپے معاوضہ دیا جا رہا ہے۔

مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ کراچی چیمبر آف کامرس حکومت کے ساتھ مکمل تعاون کر رہا ہے اور گل پلازہ میں موجود دکانوں سے متعلق کراچی چیمبر کے ساتھ مل کر فہرستیں تیار کر لی گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ متاثرہ دکانداروں کی وقتی طور پر گھر چلانے کے لیے بھی مالی مدد کی جا رہی ہے، دو سے تین ہفتوں میں متاثرین کو رقم فراہم کی جائے گی تاکہ وہ اپنا کاروبار دوبارہ شروع کر سکیں۔

انہوں نے بتایا کہ کچھ مخیر افراد ایک سال کے لیے مفت دکانیں دینے پر بھی تیار ہیں اور حکومت ان دکانوں کا جائزہ لے چکی ہے، یہ عمل ایک سے ڈیڑھ ماہ میں مکمل ہو جائے گا۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ حکومت کا ہدف ہے کہ دو ماہ کے اندر گل پلازہ کے متاثرین کو دکانیں اور کاروبار کے لیے مالی معاونت فراہم کی جائے۔

انہوں نے واضح کیا کہ گل پلازہ کی جگہ کسی نئی بڑی عمارت کی تعمیر نہیں ہو گی بلکہ سندھ کابینہ نے فیصلہ کیا ہے کہ اسی جگہ گل پلازہ ہی دوبارہ تعمیر کیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق حکومت کا ہدف دو سال میں گل پلازہ کی تعمیر مکمل کرنا ہے، حکومت کی پوری کوشش ہے کہ مشکل وقت میں متاثرین کی ہر ممکن مدد کی جا سکے۔

+ posts

اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں