The news is by your side.

Advertisement

تعمیر وطن میں پاک بحریہ کی کاوشیں لائق تحسین ہیں: وزیر اعلیٰ سندھ

کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے آج یونس آباد میں قائم بحریہ ماڈل اسکول کے نو تعمیر شدہ پرائمری سیکشن اور بوائز ونگ کا افتتاح کیا۔ کمانڈر کراچی رئیر ایڈمرل اطہر مختار بھی اس موقع پر موجود تھے۔

وطن عزیز کی بحری سرحدوں کے تحفظ کے مقدس فریضے کی ادائیگی کے ساتھ ساتھ پاک بحریہ تعلیم کے شعبے میں بھی نمایاں خدمات انجام دے رہی ہے۔ بحریہ ماڈل اسکول کے قیام کا مقصد پسماندہ علاقوں کے بچوں کو معیاری تعلیم مہیا کرنا ہے جو تعلیمی شعبے میں حکومت سندھ کے تعاون سے پاک بحریہ کی اہم کاوش ہے۔

بحریہ ماڈل اسکول یونس آباد میں اسٹیٹ آف دی آرٹ سائنس اور کمپیوٹر لیبارٹریز قائم کی گئی ہیں۔ ملک کی نئی نسل میں مطالعہ کی عادت کو فروغ دینے کے لیے اسکول میں ایک لائبریری بھی قائم کی جائے گی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ یونس آباد جیسے علاقوں میں معیاری تعلیمی اداروں کی عدم دستیابی کے باعث والدین اپنے بچوں کو اسکول نہیں بھیج سکتے تھے۔ بحریہ ماڈل اسکول جیسے تعلیمی اداروں کے قیام میں پاک بحریہ کی کوششیں لائق تحسین ہیں۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ مختلف ترقیاتی منصوبوں میں پاک بحریہ کے ساتھ اشتراک جاری رہے گا۔ انہوں نے یہ یقین بھی دلایا کہ حکومت سندھ اس طرز کے تمام منصوبوں میں پاک بحریہ کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔

مہمان خصوصی نے اس اہم نوعیت کے منصوبے کی بر وقت تکمیل کے لیے پاک بحریہ کی انتھک محنت اور کوشش کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ یہ ادارہ یونس آباد، کاکا پیر اور ہاکس بے جیسے بنیادی سہولیات سے محروم علاقوں کے بچوں میں علم کی روشنی پھیلانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

قبل ازیں اپنی استقبالیہ تقریر میں کمانڈر کراچی ریئر ایڈمرل اطہر مختار نے پاکستان نیوی کی نگرانی میں بحریہ ماڈل اسکول یونس آباد کی تعمیر میں تعاون پر حکومت سندھ کا شکریہ ادا کیا۔

بحریہ ماڈل اسکول یونس آباد کے منصوبے کا آغاز جون 2016 میں ہوا۔ ابتدائی مرحلے میں پری پرائمری اور گرلز سیکشنز مکمل کیے گئے جنہوں نے اپریل 2017 میں کام کرنا شروع کیا۔

منصوبے کے دوسرے مرحلے میں پرائمری اور بوائز ونگز نہایت قلیل مدت میں مکمل کیے گئے ہیں جو جلد ہی کام کرنا شروع کردیں گے۔

اسکول کے پہلے تعلیمی سیشن کا آغاز رواں سال اپریل میں ہوا جس میں 700 سے زائد طلبہ تعلیم حاصل کر رہے ہیں اور اب یہ تعداد بڑھ کر 15 سو طلبہ تک پہنچ جائے گی۔

مذکورہ اسکول کی تعمیر 3 مرحلوں میں مکمل کی جائے گی جسے بعد ازاں انٹر میڈیٹ کی سطح تک لے جایا جائے گا جہاں قرب و جوار میں قائم دیہی آبادیوں کے 7 ہزار 5 سو سے زائد طلبہ تعلیم حاصل کر سکیں گے۔

اسکول کی افتتاحی تقریب میں پاک بحریہ کے سینئر افسران، حکومت سندھ کے اعلیٰ حکام اور علاقے کی نمایاں شخصیات نے شرکت کی۔


Print Friendly, PDF & Email

Comments

comments

یہ بھی پڑھیں