اسلام آباد: وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کا کہنا ہے کہ وزیراعظم سے ملاقات میں رینجرز کی جانب سے وزیریاسرکاری اہلکارکی تحقیقات کیلئےاجازت کی شرط رکھی ہے، ساٹھ دن بعد بات دوبارہ اٹھے گی اور وفاق کو سندھ حکومت کا موقف ماننا پڑے گا۔
اسلام آباد میں وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کے بعد وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سندھ اسمبلی نے رینجرز کو ساٹھ دن کیلئے مشروط اختیار کی منظوری دی، رینجرز وزیر یا سرکاری اہلکارکی تحقیقات کیلئےاجازت لے گی، کچھ شرائط رکھنا سندھ حکومت کا آئینی حق ہے۔
انہوں نے کہا کہ کراچی آپریشن وزیراعظم، سندھ حکومت، فوج کی مرضی سےشروع ہوا، کراچی میں اسی فیصد امن قائم ہوا ہے، وزیراعظم سے سندھ حکومت کے آئینی اختیار پر بات ہوئی، وزیراعظم نے مکمل تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہیں اور وفاقی وزیرداخلہ کو کراچی جانے کی ہدایت کی، ساٹھ دن بعد بات دوبارہ اٹھے گی اور وفاق کو سندھ حکومت کا موقف ماننا پڑے گا۔
قائم علی شاہ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے کہا مل کرآپریشن کوانجام تک پہنچاناہے، کراچی آپریشن منطقی انجام تک جاری رہے گا۔