کراچی : سندھ کے سرکاری ملازمین کے لئے خوشخبری وزیراعلیٰ سندھ نےسرکاری ملازمین کے یوٹیلیٹی الاؤنس میں اضافہ کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ایک سے 22 گریڈ تک کے سرکاری ملازمین کا یوٹیلیٹی الاؤنس بڑھا دیا گیا، محکمہ خزانہ کی جانب سے ارسال کی گئی سمری پر وزیراعلیٰ سندھ نے دستخط کردیئے۔
سمری کے مطابق ایک سے 4گریڈ کے ملازمین کا یوٹیلیٹی الاؤنس2ہزارسے بڑھا کر 4 ہزارروپے، 9 سے15 گریڈ کے ملازمین کا الاؤنس 3ہزار سے بڑھا کر 6ہزار روپے کردیا گیا ہے
گریڈ16 کے ملازمین کا الاؤنس 4 ہزار سے بڑھا کر 7 ہزار روپے کر دیا گیا ہے۔
گریڈ 17 کے ملازمین کا الاؤنس 4 ہزار سے بڑھا کر 7 ہزار روپے کیا گیا ہے جبکہ 17 گریڈ کے افسران کا الاؤنس 7 ہزار روپے سے بڑھا کر 12 ہزار روپے کردیا گیا۔
گریڈ 18 کے افسر ان کا الاؤنس 10 ہزار روپے سے بڑھاکر 15 ہزار روپے، 19 گریڈ کے افسر کا یوٹیلیٹی الاؤنس 15 ہزار روپے سے بڑھا کر 30 ہزار روپے ہوگیا۔
گریڈ22،21 ،20 کے افسروں کا الاؤنس 40 ہزار روپے سے بڑھا کر 60 ہزار روپے کردیا گیا۔
خیال رہے کہ سندھ حکومت نے رواں مالی سال کے بجٹ میں ملازمین کا یوٹیلیٹی الاؤنس بڑھانے کا اعلان کیا تھا۔