کراچی : وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے چین کو کراچی یونیورسٹی واقعہ کی تفتیش میں مدد کی پیشکش کرتے ہوئے کہا چین کے ماہرین مدد کرنا چاہتے ہیں تو خوشی ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے چین کے وفد کی ملاقات ہوئی ، ملاقات میں صوبے میں کام کے حوالے سے چینی باشندوں کی سیکیورٹی کے حوالے سے بات چیت ہوئی۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے چینی وفد نے چین کے قومی دن کی سیکیورٹی کے حوالے اور کراچی یونیورسٹی خودکش حملے سے متعلق بات چیت کی۔
مراد علی شاہ نے کہا کراچی یونیورسٹی واقعہ نےبہت دکھ پہنچایا، واقعہ کی تفتیش جاری ہے، تفتیش میں چین کےماہرین مددکرناچاہتےہیں توخوشی ہوگی۔
چینی وفد نے سی ٹی ڈی اور اسپیشل برانچ کو مضبوط کرنے کیلئے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
یاد رہے جامعہ کراچی کے اندر ایک خاتون نے خود کش دھماکے کے ذریعے چینی باشندوں کی وین کو نشانہ بنایا تھا ، جس کے نتیجے میں 3 چینی باشندوں سمیت 4 افراد ہلاک اور 3 زخمی ہوگئے۔
ترجمان جامعہ کراچی کے مطابق دھماکے میں کنفیوشس انسٹیٹیوٹ کے ڈائریکٹر ہوانگ گیوپنگ سمیت خواتین اساتذہ ڈنگ میوپنگ اور چن سا ہلاک ہوئی جب کہ ایک پاکستانی ڈرائیور خالد بھی مرنے والوں میں شامل ہے۔
بعد ازاں ایک دہشت گرد گروپ نے خودکش حملہ آور لڑکی کی تصویر جاری کرتے ہوئے دھماکے کی ذمہ داری قبول کی تھی۔