کراچی : ایم کیو ایم کے آٹھ رکنی وفد نے وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ سے ملاقات کی اور اپنے تحفظات سے آگاہ کیا، وزیراعلیٰ نے وفد کو ان کے تحفظات دور کرانے کی یقین دہانی کرائی۔
تفصیلات کے مطابق چھاپوں اور کارکنان کی گرفتاریوں پر ایم کیو ایم کا احتجاج جاری ہے، ایم کیو ایم کے آٹھ رکنی وفد نے وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔
اس موقع پر وفد نے وزیر اعلیٰ کو گرفتار اور لاپتہ کارکنوں کی تفصیلات پیش کیں۔ ملاقات کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ایم کیو ایم رہنما محمد حسین کا کہنا تھا کہ ملاقات میں وزیراعلیٰ سندھ کو پانچ نکاتی ایجنڈا پیش کیا ہے.
جس میں گرفتار اور لاپتہ کارکنوں کا معاملہ سرفہرست تھا۔ ایم کیوایم کے 172 کارکنان کی جبری گمشدگی ایجنڈے میں سرفہرست تھی،ملاقات کا مقصد جیلوں میں اسیرکارکنوں کی مشکلات سے آگاہ کرناتھا.
محمدحسین نے کہا کہ چھاپوں اور گرفتاریوں میں بہت تیزی آگئی ہے۔ محمد حسین کا کہنا تھا کہ سائیں قائم علی شاہ نے تحفظات کو غور سے سنا اور مسائل کو حل کرنے کا یقین دلایا ہے۔
ایم کیو ایم کے وفد میں محمد حسین، خواجہ اظہار الحسن، علی رضا عابدی، سید سردار احمد، امین الحق اور جمال احمد ودیگر شامل تھے۔