کراچی :شہر قائد کے امن وامان سے متعلق اجلاس وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کی زیر صدارت منعقد ہوا، اجلاس میں وزیر اعلی نے اویس شاہ کے مبینہ اغوا پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا، اجلاس میں اکیس رمضان کو یوم علی کے موقع پر سیکوریٹی انتظا مات کا بھی جا ئزہ لیا گیا۔
وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کی زیر صدارت امن وامان سے متعلق اجلاس ہوا، اجلاس میں وزیر داخلہ سندھ ،چیف سیکریٹری، ڈی جی رینجرز اور مشیرقانون بھی شریک تھے، آئی جی، ڈی جی رینجرز اورانٹیلی جنس اداروں نے وزیراعلیٰ سندھ کوشہر میں امن وامان اور اویس شاہ کی بازیابی کیلئے کی جانے والی کوششوں پر بریفنگ دی ۔
وزیراعلیٰ سندھ نے واقعے کی ہر طرح سے انکوائری کی ہدایت دی،قائم علی شاہ کا کہنا تھا کہ کیا یہ اغوابرائے تاوان ہے،یا دہشت گرد عدالتوں پراثرانداز ہونا چاہتے ہیں، اجلاس میں یوم علیٰ کے سیکیورٹی انتظامات پر بھی غور کیا گیا۔
دوسری جانب سابق صدر آصف علی زرداری کا صوبائی وزیر داخلہ سندھ سہیل انور خان سیال سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا ،آصف علی زرداری نے چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ کے لاپتہ ہونے والے صاحبزادے کے بارے میں تفصیلات معلوم کیں اور انھیں ہدایات دیں۔
آصف علی زرداری نے وزیر داخلہ سندھ سہیل انور خان سیال کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ کے صاحبزادے کی بحفاظت بازیابی کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے اور انھیں لمحہ بہ لمحہ صورتحال سے آگاہ کیا جائے۔