کراچی : سندھ حکومت نے کراچی سرکلر ریلوے پروجیکٹ کو سی پیک میں شامل کرانے کی کو ششوں کا آغاز کردیا ہے، وزیراعلیٰ سندھ کیٹی بندر، سرکلر ریلوے کو سی پیک میں شامل کرانے کے حوالے سے چین بھی جائیں گے۔
کراچی میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت سرکلر ریلوے اجلاس ہوا، جس میں کراچی کے شہریوں کو ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کرنے پر غور کیا گیا، اجلاس میں کراچی سرکلر ریلوے پروجیکٹ کو سی پیک میں شامل کرانے کا فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس کے دوران فیصلہ کیا گیا کہ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ وزیراعظم کو خط لکھیں گے، جس میں کے سی آر کو سی پیک منصوبے میں شامل کرانے کی سفارش کی جائیگی۔
وزیر اعلیٰ سندھ اس حوالے سے وزیراعظم سے ملاقات بھی کریں گے، وزیراعلیٰ سندھ کیٹی بندر،سرکلرریلوے کو سی پیک میں شامل کرانے کیلئے چین بھی جائیں گے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ وزیراعلیٰ سندھ جنوری میں جوائنٹ کورآرڈنیشن کمیٹی سی پیک اجلاس میں شرکت کرینگے، اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری ڈیولپمنٹ، پرنسپل سیکرٹری، فنانس سیکرٹری ، سیکرٹری توانائی سمیت دیگر افسران بھی شریک تھے۔