جمعہ, مارچ 21, 2025
اشتہار

نالہ لئی کی تعمیر نو سے سیلاب کی تباہ کاریوں پر قابو پانے میں مدد ملے گی: عثمان بزدار

اشتہار

حیرت انگیز

راولپنڈی: وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ نالہ لئی کی تعمیر نو سے سیلاب کی تباہ کاریوں پر قابو پانے میں مدد ملے گی، پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت یہ منصوبے شروع کیے جائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے راولپنڈی میں نالہ لئی کا دورہ کیا، اس موقع پر وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد بھی وہاں موجود رہے۔ وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے نالہ لئی کی صفائی کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔

انہوں نے نالہ لئی پر روڈ وے کی تعمیر کے لیے مجوزہ اراضی کا بھی جائزہ لیا۔ بعد ازاں وزیر اعلیٰ نے شجر کاری مہم کے تحت پودا بھی لگایا اور شجر کاری مہم کی کامیابی کے لیے دعا کی۔

وزیر اعلیٰ کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ دو رویہ نالہ لئی روڈ وے پر یوٹیلٹی کوریڈور بھی بنائے جائیں گے، کٹاریاں پل سے براستہ عمار چوک 16 کلو میٹر طویل نالہ لئی تعمیر کیا جائے گا۔

بریفنگ میں کہا گیا کہ نالہ لئی کے لیے 2 ہزار 750 کنال اراضی حاصل کی جارہی ہے، نجی اشتراک سے سینکڑوں ڈمپرز کے ذریعے نالہ لئی کی صفائی کی گئی۔

وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ نالہ لئی کی تعمیر نو سے سیلاب کی تباہ کاریوں پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔ نالہ لئی اور ایکسپریس وے منصوبے پر 85 ارب روپے لاگت آئے گی، پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت یہ منصوبے شروع کیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ نالہ لئی روڈ وے پر 4 انٹر چینج بنائے جائیں گے، نالہ لئی روڈ وے بننے سے شہریوں کو آمد و رفت میں سہولت ہوگی۔

وفاقی وزیر شیخ رشید کا کہنا تھا کہ نالہ لئی کی بر وقت صفائی پر وزیر اعلیٰ پنجاب کے شکر گزار ہیں، عثمان بزدار کا یہ کام راولپنڈی کے لوگوں کے لیے بہت اچھا اقدام ہے، وزیر اعلیٰ عوامی خدمت کا حق ادا کر رہے ہیں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں